نیوزی لینڈ کی جانب سے پیرالمپکس گیمز میں شرکت کرنے والی سائیکلسٹ لاؤرا تھامپسن بھی کورونا وائرس کی شکار ہوگئیں۔
لاؤرا تھامپسن نے 2012 میں ہونے والے پیرالمپکس میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کی تھی اور 3 میڈل حاصل کیے تھے جن میں گولڈ میڈل بھی شامل تھا۔
خاتون سائیکلسٹ نے مختلف مقابلوں میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے 2015 سے 2016 تک 8 گولڈ میڈلز جیتے ہیں۔
لاؤرا تھامپسن کی ساس نیوزی لینڈ کے شہر ڈونیڈن کے اسپتال میں وینٹی لیٹر پر ہیں جبکہ ان کے شوہر اور سسر بھی کورونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔
دو مرتبہ پیرالمپکس میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کرنے والی سائیکلسٹ حاملہ بھی ہیں۔ خاتون سائیکلسٹ کا کہنا ہے کہ ان کی فیملی نے بڑی احتیاط کی لیکن کمیونٹی ٹرانسمیشن سے وائرس کا شکار ہوگئی ہیں۔
انہوں نے اپنے پیغام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ گھروں میں رہیں اپنی اور دوسروں کی زندگیاں بچائیں۔
خیال رہے کہ نیوزی لینڈ میں بھی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مکمل لاک ڈاؤن جاری ہے جس کے خاطر خواہ نتائج سامنے آئے ہیں اور متاثرہ افراد کی تعداد میں کمی ہوتی جارہی ہے۔