نیوزی لینڈ نے پاکستان کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 46 رنز سے شکست دے دی۔
پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کیلئے 227 رنز کا ہدف دیا تھا۔
نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرانے کا فیصلہ کیا۔
بطور کپتان شاہین آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرانے کے فیصلے کو میچ کے پہلے ہی اوور میں خود صحیح ثابت کردیا، انہوں نے دوسری ہی گیند پر ڈیون کونوے کو صفر پر کیچ آؤٹ کرایا۔
پہلی وکٹ گرنے کے بعد فِن ایلن اور کین ولیمسن نے پارٹنرشپ قائم کی۔ اس دوران فِن ایلن نے تیز بیٹنگ کی جبکہ کین ولیمسن نے روایتی انداز اپنایا اور دوسرے اینڈ سے اننگ کو آگے بڑھانے کی کوشش کرتے رہے۔
دونوں بیٹرز نے پارٹنرشپ قائم کر کے اسکور 50 رنز تک پہنچایا جس کے بعد 4.5 اوورز میں عباس آفریدی نے فِن ایلن کو 34 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا۔
بعدازاں کین ولیمسن اور ڈیرل مچل نے بھی پارٹنرشپ قائم کی اور ٹیم کا مجموعی اسکور11.2 اوورز میں 128 رنز تک پہنچایا جس کے بعد کین ولیمسن 57 رنز پر عباسی آفریدی کے اوور میں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
نیوزی لینڈ کی چوتھی وکٹ 14.5 اوورز میں گری جب گلین فلپس کو عباس آفریدی نے 19 رنز پر آؤٹ کیا۔
بعدازاں ڈیرل مچل نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیریئر کی چھٹی نصف سنچری پاکستان کے خلاف اسکور کی، انہوں نے 22 گیندوں پر 4 چھکے اور 2 چوکوں کی مدد سے ففٹی بنائی جس کے بعد نیوزی لینڈ کی پانچویں وکٹ 16.1 اوورز میں 183 رنز پر گری، ڈیرل مچل کو 61 رنز پر شاہین آفریدی نے آؤٹ کیا۔
نیوزی لینڈ کی چھٹی وکٹ 19 ویں اوور میں 211 رنز پر گری، ایڈم ملن کو شاہین آفریدی نے 10 رنز پر آؤٹ کیا۔
بعدازاں پاکستان کے لیے ساتویں وکٹ حارث رؤف نے 19.2 اوورز میں 212 رنز پر حاصل کی، انہوں نے اش سودھی کو پہلی ہی گیند پر بولڈ کیا۔
نیوزی لینڈ کی آٹھویں وکٹ آخری اوور میں 220 رنز پر گری، مارک چیپمین کو 26 رنز پر حارث رؤف نے آؤٹ کیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری صفر اور ٹم ساؤتھی 6 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے اور پوری ٹیم نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹ پر 226 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب کا آغاز
پاکستان کی جانب سے صائم ایوب اور محمد رضوان نے اننگ کا آغاز کیا۔
صائم ایوب نے اپنے روایتی طریقے سے اننگ کا آغاز کیا اور 8 گیندوں پر 27 رنز کی اننگز کھیلی تاہم وہ بدقسمت رہے اور 2.2 اوورز میں دوسرے اینڈ پر رن آؤٹ ہوگئے۔
صائم ایوب نے 27 رنز بنانے کے لیے جو 8 گیندیں کھیلیں اس میں انہوں نے 3 چھکے اور 2 چوکے مارے۔
پاکستان کی دوسری وکٹ 5.3 اوورز میں 63 رنز پر گری جب محمد رضوان 25 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
فخر زمان کو شائد بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی راس نہ آئی، نیوزی لینڈ کے خلاف آخری میچ میں دھواں دھار بیٹنگ کرنے والے فخر زمان کی صورت میں پاکستان کی تیسری وکٹ 8.1 اوورز میں 90 رنز پر گری، وہ 15 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
بعدازاں افتخار احمد اور بابر اعظم نے پارٹنرشپ قائم کر کے ٹیم کا اسکور 130 رنز تک پہنچایا جس کے 12.4 اوورز میں چوتھی وکٹ بھی گر گئی، افتخار احمد 24 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
بابر اعظم کی نصف سنچری
چوتھی وکٹ گرنے کے بعد بابر اعظم نے ایک اینڈ سے اچھے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ بیٹنگ جاری رکھی اور اس دوران انہوں نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی تاہم اگلی ہی گیند پر پاکستان کی پانچویں وکٹ 15.1اوور میں 159 رنز پر گر گئی، اس مرتبہ اعظم خان 10 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
اسی اوور میں شاہین آفریدی بھی صفر پر کیچ آؤٹ ہوگئے اور یوں پاکستان کے 159 رنز پر 6 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔
بابر کی اننگ کو میچ کے دلچسپ مرحلے میں بریک لگ گیا
بعدازاں پاکستان کی ساتویں وکٹ 16.2 اوورز میں 173 رنز پر گری جب بابر اعظم 57 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے جس کے بعد اگلی وکٹ بھی اسی اوور میں 177 رنز پر گر گئی۔ اسامہ میر ایک رن بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
پاکستان ٹیم مقررہ 20 اوورز مکمل نہ کھیل سکی
پاکستان کی نویں وکٹ 17.4 اوورز میں 180 رنز پر گری، عباس آفریدی ایک رن بنا کر واپس پویلین گئے جس کے بعد اسی اوور میں آخری وکٹ بھی 180 رنز پر گر گئی۔ حارث رؤف صفر پر آؤٹ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساوتھی نے 4، ایڈم ملن اور بین سیئرز نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
میچ کے بعد شاہین آفریدی کی گفتگو
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کپتان شاہین آفریدی نے کہا کہ پہلی بار پاکستان ٹیم کی کپتانی کی، ہمارے فاسٹ بولرز نے اچھا آغاز فراہم کیا، میچ میں باؤنڈریز بہت چھوٹی تھیں۔
شاہین آفریدی نے کہا کہ ہم اگلے میچز میں اپنا بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے، نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل نے اچھی کرکٹ کھیلی، ہمیں اپنی فیلڈنگ میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ صائم ایوب نے بہت اچھی اننگز کھیلی جو ٹیم کے لیے مثبت ہے، آگے ورلڈ کپ ہے جس کی پلاننگ کر رہے ہیں۔
شاہین آفریدی نے مزید کہا کہ بطور بولنگ یونٹ ہمیں صحیح وقت پر ورائٹی لانے کی ضرورت ہے۔
ٹاس کے بعد دونوں ٹیموں کے کپتانوں کی رائے
اس سے قبل آکلینڈ میں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی نے کہا تھا کہ پِچ بولنگ کے لیے سازگار ہے، اس لیے پہلے بولنگ کو ترجیح دی، کوشش ہوگی نیوزی لینڈ کو کم سے کم رنز تک محدود کرسکیں۔
اس موقع پر نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے مچل سینٹنر ٹیم میں شامل نہیں ہیں۔
پاکستان ٹیم
آج کے میچ کے لیے قومی ٹیم میں محمد رضوان، صائم ایوب، بابر اعظم، فخر زمان، افتخار احمد، اعظم خان، عامر جمال، اسامہ میر، شاہین آفریدی، حارث رؤف اور عباس آفریدی شامل ہیں۔
پاکستان کی جانب سے ڈیبیو
آج میچ میں عباس آفریدی اور اسامہ میر نے ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کیا ہے، اس موقع پر کوچز عمر گل اور سعید اجمل نے انہیں کیپس دیں۔
نیوزی لینڈ ٹیم
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ اتوار، تیسرا 17، چوتھا 19 اور آخری میچ 21 جنوری کو شیڈول ہے۔