نیلسن: نیوزی لینڈ نے تیسرے ایک روزہ میچ میں سری لنکا کو 115 رنز سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز 0-3 سے اپنے نام کرلی۔
نیلسن کے سیکسٹن اوول گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکن کپتان لیستھ ملنگا نے ٹاس جیت کر پہلے میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی تو روس ٹیلر اور ہینری نیکولس کی سنچریوں کی بدولت میزبان ٹیم نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 364 رنز بنائے۔
میچ میں نیوزی لینڈ کی جانب سے ہینری نیکولس 124 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ روس ٹیلر نے 4 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 131 گیندوں پر 137 رنز بنائے۔
کپتان کین ولیمسن 55، کولن منرو 21 اور مارٹن گپٹل دو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ہدف کے تعاقب میں سری لنکن اوپنرز نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا اور ٹیم کا مجموعی اسکور 8 اوورز میں 66 رنز تک پہنچا تو دھننجایا ڈی سلوا 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔
نروشان ڈکویلا 46، کشال پریرا 43، تھسارا پریرا سب سے زیادہ 80 اور گناتھیلاکا 31 رنز بنا کر نمایاں رہے جب کہ 5 بلے باز ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہوسکے اور پوری ٹیم 41.4 اوورز میں 249 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے لوکی فرگوسن نے 4، ایش سودھی 3، جیمس نیشام اور ٹم ساؤتھی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر روس ٹیلر کو ‘مین آف دی میچ’ کے اعزاز سے نوازا گیا۔