نیوزی لینڈ نے بھارتی غرور خاک میں ملا دیا

نیوزی لینڈ نے بھارتی غرور خاک میں ملا دیا


کرائسٹ چرچ: 

 کیویز نے تیسرے ہی دن بھارتی غرور خاک میں ملا دیا دوسرے ٹیسٹ میں 7 وکٹ سے کامیابی کی بدولت 2 میچز کی سیریز میں بھی کلین سوئپ مکمل ہوگیا۔

میزبان ٹیم نے فتح کیلیے ملنے والا 132 رنز کا ہدف صرف 3 وکٹ پر حاصل کرلیا، ٹام بلنڈیل نے 55 اورٹام لیتھم نے 52 رنز بنائے، نیوزی لینڈ کودستیاب تمام 120 چیمپئن شپ پوائنٹس بھی مل گئے، اس سے قبل بھارت کی دوسری اننگز 124 رنز پر تمام ہوئی، ٹرینٹ بولٹ نے 4 اور ٹم ساؤدی نے 3 وکٹیں لیں۔

تفصیلات کے مطابق کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کے تیسرے روز کیویز کو فتح کیلیے صرف 132 رنز کا ہدف ملا جو اس نے 36 اوورز میں 3 وکٹیں گنوا کر حاصل کرلیا، ٹام لیتھم اور بلنڈیل نے ٹیم کو 103 رنز کا آغاز فراہم کیا، لیتھم امیش یادیو کی گیند پر وکٹ کیپر ریشابھ پانٹ کے ہاتھوں کیچ ہوئے، کین ولیمسن (5) کو بمرا  نے راہنے کی مدد سے قابو کیا جبکہ ٹام بلنڈیل بھی 55 رنز بناکر بمرا کی ہی وکٹ بنے، روس ٹیلر اور ہنری نکولس 5،5 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے قبل بھارت نے دن کا آغاز اپنی دوسری اننگز کے اسکور 90 رنز 6 وکٹ سے کیا، جلد ہی ہنوما وہاری اپنے سابقہ اسکور 5 میں مزید 4 رنز جوڑ کر رخصت ہوگئے، انھیں ساؤدی نے وکٹ کیپر ویلنگٹن کی مدد سے قابو کیا، ریشابھ پانٹ بھی مزید 3 رنز سے ٹوٹل 4 تک پہنچانے کے بعد بولٹ کی گیند پر کاٹ بی ہائنڈ ہوگئے، محمد شمی (5) نے ساؤدی کی لینتھ بال کو پوری قوت سے باؤنڈری کی جانب  اچھالا مگر ڈیپ اسکوائر  لیگ پر بلنڈیل کاکیچ بن گئے، آخری کھلاڑی جسپریت  بمرا (4) کے رن آؤٹ ہوتے ہی اننگز 124 رنز پر تمام ہوگئی، بولٹ نے 4 اور ساؤدی نے3کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔

کوہلی کیلیے بطور بیٹسمین دورئہ نیوزی لینڈ انتہائی مایوس کن ثابت

بھارتی کپتان ویرات کوہلی کیلیے بطور بیٹسمین دورہ نیوزی لینڈ انتہائی مایوس کن ثابت ہوا، انھوں نے تمام فارمیٹس کی 19 اننگز میں 218 رنز بنائے، یہ کسی بھی غیرملکی ٹور میں ان کے کم ترین رنز ہیں، اس سے قبل 2014 میں انگلینڈ کا ٹور ناکام رہا جس میں وہ صرف 254 رنز بناسکے تھے، اس دوران انگلش فاسٹ بولرز نے انھیں مسلسل اپنے نشانے پر رکھا ہوا تھا۔ اس بار کیوی پیسرز نے بھی کوہلی کو کامیاب نہ ہونے دیا۔

شکست دیکھ کر بھارتی ٹیم کی جانب سے منفی ہتھکنڈوں کا استعمال

ٹیسٹ کرکٹ میں 8 برس میں پہلی وائٹ واش شکست کو دیکھ کر بھارتی ٹیم نے کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میں منفی ہتھکنڈے بھی استعمال کیے، ایک موقع پر جب کیوی بیٹسمین سنگل لے رہے تھے تو کوہلی نے چلا کر کہا کہ 2 رنز بننا چاہئیں، جس پر امپائر رچرڈ کیٹل برو نے انھیں تنبیہ بھی کی، بھارتی کپتان نے کیوی کرائوڈ کی جانب دیکھ کر نامناسب الفاظ بھی کہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں