نیازی صاحب، جیلوں سے نہ ڈراؤ، مشرف دور کا احتساب 10 سال بھگتا ہے: حمزہ شہباز


لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کا وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہنا ہے کہ نیازی صاحب ! جیلوں سے نہ ڈراؤ، میں نے مشرف دور کا احتساب 10 سال بھگتا ہے۔

نیب ٹیم کی واپسی کے بعد اپنی رہائش گاہ پر کارکنوں سے خطاب میں حمزہ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قوم میں شعور بیدار ہورہا ہے اور کارکن سیسہ پلائی دیوار کی طرح یہاں کھڑے ہیں، ہمارے کارکن ہمارا سرمایہ ہیں اور ان کی دل سے عزت کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں آئین اور قانون کی فتح ہوئی ہے، نوازشریف نے اپنی بیمار اہلیہ کو اللہ کے حوالے کرکے پاکستان میں کیسز کا سامنا کیا اور ان پر ایک پائی کی کرپشن ثابت نہ ہوسکی۔

ان کا کہنا ہے کہ تمام تر تحفظات کے باوجود ہم نیب کے سامنے پیش ہوئے اور نیب نے عدالت میں لکھ کر دیا تھا کہ حمزہ شہباز سب سے زیادہ تعاون کررہے ہیں، میں عدالتوں کا احترام کرتا ہوں، عدالت کا حکم نامہ میرے پاس ہے اور قانون کی حکمرانی کے لیے عدالتی فیصلے کا احترام کرنا چاہیے، آپ مجھے گرفتار نہیں کرسکتے۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ ظلم وہ کرتے ہیں جو دیواریں پھلانگ کر داخل ہوتے ہیں اور لوگوں کو محبوس کرتے ہیں، آج میں ڈرا ہوا ہوں تو اس کی وجہ ملک کے معاشی حالات ہیں، نیازی صاحب، آپ نے عوام کے منہ سے آپ نے نوالہ چھین لیا۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی لڑائی کے لیے عمر پڑی ہے،  ڈالر کی قیمت آج پاکستانی معیشت پر سوالیہ نشان لگارہی ہے، آؤ میثاق جمہوریت پر بات کرو، اپوزیشن عوام کی خاطر اپنا کردار ادا کرے گی۔

پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معیشت ڈوب رہی ہے اور قرضہ واپس کرنے کے لیے بھی پیسے نہیں لہٰذا آئیں پاکستان کی ڈوبتی معیشت کو بہتر کرنے کے لیے کوئی روڈ میپ بنائیں۔

وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمیں عوام نے ایوانوں میں بھیجا ہے، بدترین دھاندلی کے باوجود حلف اٹھایا کہ جمہوریت چلتی رہے، نیازی صاحب مشرف کا دس سالہ احتساب میں نے بھگتا ہے اور میں نے 18 سال کی عمر میں اڈیالہ جیل کاٹی لہٰذا مجھے نہ ڈراؤ۔

یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو کی ٹیم ایک بار پھر حمزہ شہباز شریف کو گرفتار کرنے ماڈل ٹاؤن میں ان کی رہائش گاہ پہنچی تھی جہاں مسلم لیگ (ن) اور پولیس کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی۔

لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کی 2 روزہ حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے نیب کو گرفتاری سے روک دیا جس کے بعد نیب کی ٹیم ان کی رہائش گاہ سے واپس لوٹ گئی۔


اپنا تبصرہ لکھیں