نگراں خیبر پختون خوا حکومت نے محکمۂ ٹرانسپورٹ کو بس ریپیڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) کے لیے 1 ارب روپے دینے سے انکار کر دیا۔
اس حوالے سے صوبائی محکمۂ ٹرانسپورٹ نے سیکریٹری محکمۂ خزانہ کو خط ارسال کیا تھا جس میں محکمۂ ٹرانسپورٹ نے بی آر ٹی کے لیے محکمۂ خزانہ سے 1 ارب روپے مانگے تھے۔
خط کے مطابق محکمۂ خزانہ نے سال 23-2022ء میں بی آر ٹی کے لیے 66 کروڑ 24 لاکھ روپےجاری کیے، بی آر ٹی چلانے کے لیے جاری کی گئی رقم استعمال نہ ہونے سے فنڈز لیپس ہو گئے۔
خط میں کہا گیا کہ محکمۂ ٹرانسپورٹ نے فنڈز لیپس ہونے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی بھی بنائی، بی آر ٹی کے لیے محکمۂ ٹرانسپورٹ کو اس وقت فوری طور پر 1 ارب روپے درکار ہیں۔
خط کے ذریعے کہا گیا تھا کہ لیپس شدہ رقم پر نظرِ ثانی کر کے 1 ارب روپے جاری کیے جائیں۔
دوسری جانب نگراں صوبائی وزیرِ خزانہ احمد رسول بنگش نے جیو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ مالی مشکلات کا شکار ہے۔
احمد رسول بنگش نے کہا کہ بی آر ٹی کے لیے محکمۂ ٹرانسپورٹ کو فنڈز نہیں دے سکتے، وفاقی حکومت صوبے کے بقایاجات ادا نہیں کر رہی، فوری بقایا جات ادا کیے جائیں۔