نوکیا نے اپنا سب سے ‘سخت جان’ اسمارٹ فون متعارف کرادیا ہے جو شدید ترین موسمیاتی اثرات کو برداشت کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
ایچ ایم ڈی گلوبل کے مطابق نوکیا ایکس آر 20 اب تک تیار کیا جانے والا سب سے پائیدار اور مضبوط فون ہے۔
اس فون میں 6.67 انچ ڈسپلے پر گوریلا گلاس وکٹس پروٹیکشن فراہم کی گئی ہے جو اسے خراشوں سے بچانے کے ساتھ 6 فٹ بلندی سے گرنے پر بھی نقصان نہیں پہنچنے دیتی۔
عام طور کمپنیوں کی جانب سے اس طرح کے فونز محدود صارفین کے لیے تیار کیے جاتے ہیں، مگر ایچ ایم ڈی کا کہنا تھا کہ اسے توقع ہے کہ ایکس آر 20 عام افراد کی توجہ بھی حاصل کرسکے گا۔
اس کی مارکیٹنگ ویڈیو میں کمپنی نے دکھایا کہ ایک خاتون نے فون کے اوپر کافی گرادی اور پھر اسے کچن سنک میں دھویا۔ اسی طرح ایک لڑکی نے غطی سے فون کو نیچے گرادیا، پھر اٹھایا اور پھر پتھروں والے راستے پر گرایا، مگر اس پر خراش تک نہ آئی۔
یہ نیا فون نوکیا سے جڑے اس خیال کو تقویت پہنچاتا ہے کہ اس کمپنی کے فونز بہت مضبوط ہوتے ہیں اور ایچ ایم ڈی گلوبل کے مطابق ایکس آر 20 کو پانی میں ایک گھنٹے تک ڈبو کر رکھا جاسکتا ہے جبکہ یہ شدید درجہ حرارت کو بھی برداشت کرسکتا ہے۔
اس کے علاوہ اس نئے فون میں تیزرفتار 5 جی انٹرنیٹ سپورٹ موجود ہے جبکہ 48 میگا پکسل اور 13 میگا پکسل پر مشتمل ڈوئل بیک کیمرا سیٹ اپ ہے۔
اسنیپ ڈراگون 480 پراسیسر کے ساتھ 6 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج موجود ہے جس میں ایس ڈی کارڈ سے اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
فون کے فرنٹ پر 8 میگا پکسل کیمرا موجود ہے جبکہ اینڈرائیڈ 11 آپریٹنگ سسٹم ڈیوائس کا حصہ ہے اور کمپنی نے 4 سال تک ماہانہ سیکیورٹی اپ ڈیٹس اور 3 آپریٹنگ سسٹم اپ ڈیٹس فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
ایکس آر 20 میں 4630 ایم اے ایچ بیٹری ہے جس کے بارے میں کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ 2 دن تک کام کرسکتی ہے جبکہ 18 واٹ وائرڈ اور 15 واٹ وائرلیس چارجنگ سپورٹ فراہم کی گئی ہے۔
ایچ ایم ڈی گلوبل کے سی ای او فلورین شیکی نے کہا کہ بیشتر افراد ایسے فونز چاہتے ہیں جو وہ طویل عرصے تک استعمال کرسکیں، ہم نے یہ فون ایسے صارفین کو مدنظر رکھ تیار کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ایسے فون کی ضروریات پوری کرے گا جو ایک سے ڈیڑھ ہزار ڈالرز خرچ کرکے اس طرح کے فونز خریدنا نہیں چاہتے۔
یہ فون اگست کے آخر میں مختلف ممالک میں دستیاب ہوگا اور اس کی قیمت 550 ڈالرز (89 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے۔