ایچ ایم ڈی گلوبل نے 6 اکتوبر کو نئے نوکیا ڈیوائسز کو متعارف کرانے کی تصدیق کی ہے۔
ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کمپنی کی جانب سے چند فیچر فونز اور اسمارٹ فونز کے ساتھ ایک بڑے ڈبے کی تصویر کو شیئر کرتے ہوئے 6 اکتوبر کی تاریخ بتائی گئی۔
مختلف افواہوں کے مطابق ایچ ایم ڈی گلوبل کی جانب سے 6 اکتوبر کو نوکیا جی 50 فائیو جی اسمارٹ فون اور کئی سال بعد پہلا اینڈرائیڈ ٹیبلیٹ متعارف کرایا جائے گا۔
جی 50 اس کمپنی کا کم قیمت 5 جی فون ہوگا۔
جی 50 فائیو جی میں اسنیپ ڈراگون 480 پراسیسر دیئے جانے کا امکان ہے جو 5 جی سپورٹ فراہم کرے گا۔
فون میں 6.8 انچ کا ایچ ڈی پلس ڈسپلے اور 4850 ایم اے ایچ بیٹری موجود ہوگی۔
فون کے بیک پر مین کیمرا 48 میگا پکسل سنسر سے لیس ہوگا جبکہ کچھ لیک تصاویر میں فون کے ساتھ نوکیا برانڈڈ ٹی ڈبلیو ایس ایئرفونز کو بھی دکھایا گیا ہے، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ کچھ مارکیٹوں میں یہ فون ایئربڈز کے ساتھ دستیاب ہوگا۔
6 سے 8 جی بی ریم اور 64 سے 128 جی بی اسٹوریج دیئے جانے کا امکان ہے جس میں ایس ڈی کارڈ سے اضافہ کیا جاسکے گا۔
ٹی 20 ٹیبلیٹ میں 10.36 انچ ڈسپلے 4 جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج کے ساتھ ہوگا۔
یہ سپلیش ریزیزٹنٹ فون ہوگا جبکہ فنگرپرنٹ سنسر سائیڈ پر دیا جائے گا۔
ٹیبلیٹ میں ممکنہ طور پر یونی ایس او سی کا کوئی پراسیسر ہوسکتا ہے جبکہ اینڈرائیڈ 11 آپریٹنگ سسٹم، 4 جی اور وائی فائی اونلی سپورٹ بھی ڈیوائس کا حصہ ہوں گے۔
یہ 2015 کے این 1 کے بعد نوکیا کا پہلا ٹیبلیٹ بھی ہوگا۔
نوکیا کی جانب سے ایک فلیگ شپ فون بھی 11 نومبر کو متعارف کرائے جانے کا امکان ہے مگر اس سے پہلے ایک مڈرینج 5 جی فون اور اینڈرائیڈ ٹیبلیٹ پیش کیے جائیں گے۔