نوکیا کا ایک اور سستا ترین اسمارٹ فون متعارف


ایچ ایم ڈی گلوبل نے اپنا نیا اسمارٹ فون نوکیا سی 2 متعارف کرادیا ہے جو ممکنہ طور پر اس کمپنی کے سستے ترین فونز میں سے ایک ہوگا۔

یہ گزشتہ سال کے آخر میں متعارف کرائے جانے والے نوکیا سی 1 کا اپ ڈیٹ ورژن ہے جو کہ اینڈرائیڈ گو ایڈیشن کا حصہ تھا۔

نوکیا سی 2 بھی اینڈرائیڈ گو ایڈیشن کا حصہ ہے، جس میں فونز میں گوگل ایپس اسٹوریج میں کم جگہ گھیرتی ہیں جبکہ کم انٹرنیٹ اسپیڈ پر بھی تیز کام کرتی ہیں جس سے فون کی اسپیڈ بھی متاثر نہیں ہوتی۔

یہ نیا فون 5.7 انچ کے آئی پی ایس ڈسپلے سے لیس ہے جس میں ایچ ڈی پلس ریزولشن اور 18:9 ایسیپٹ ریشو دیا گیا ہے۔

نوکیا سی 2 میں 2800 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے جس کے ساتھ 5 واٹ چارجنگ سپورٹ موجود ہے۔

فوٹو بشکریہ نوکیا
فوٹو بشکریہ نوکیا

جہاں تک آپریٹنگ سسٹم کی بات ہے تو اس میں اینڈرائیڈ 9 گو ایڈیشن دیا گیا ہے۔

کمپنی کے بقول یہ ایسا اسمارٹ فون ہے جس کا استعمال آسان ہے اور اس کی بیٹری ایک چارج پر آسانی سے پورا دن کام کرسکتی ہے۔

چونکہ یہ انٹری لیول یا بجٹ فون ہے تو اس میں فرنٹ اور بیک پر ایک، ایک کیمرا ہی دیا گیا ہے۔

اس میں فرنٹ پر 5 میگا پکسل کیمرا اور ایل ای ڈی فلیش موجود ہے جو کم روشنی میں بھی کافی بہتر تصاویر لینے میں مدد فراہم کرتی ہے اور اس طرح کمپنی نے مہنگے پراسیسر اور مشین لرننگ کا خرچہ بھی بچالیا۔

فوٹو بشکریہ نوکیا
فوٹو بشکریہ نوکیا

اس کے بیک پر ایک ہی کیمرا ہے جو کہ 5 میگا پکسل کا ہے جس کے ساتھ بھی ایل ای ڈی فلیش موجود ہے۔

کمپنی کی جانب سے قیمت کا اعلان نہیں کیا گیا مگر اس کے فیچرز دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے یہ کافی سستا ہوگا کیونکہ نوکیا سی 1 کی قیمت پاکستان میں 7 ہزار 850 روپے ہے تو امکان ہے کہ یہ نیا فون 8 سے 10 ہزار روپے میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں