لندن:
سابق اداکارہ نوربخاری نے اپنی پانچویں شادی کی خبروں کی تردید کردی۔
دین کے لیے شوبز کو خیرباد کہنے والی سابق اداکارہ نور بخاری کی پانچویں شادی کی خبریں سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہیں اور کہا جارہا ہے کہ نور نے برطانیہ میں خفیہ طور پر پانچویں شادی کرلی ہے۔
سابق اداکارہ نور نے انسٹاگرام پر اپنی طویل پوسٹ کے ذریعے اپنی پانچویں شادی کی خبروں کی تردید کی ہے۔ نوربخاری نے نہایت غصے میں شادی کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ انہیں شوبز انڈسٹری کو چھوڑے ہوئے دو سال ہوگئے ہیں لیکن آج بھی وہ خبروں میں رہتی ہیں۔
اس خبرکوبھی پڑھیں: اداکارہ نورنےحجاب لینےاورمذہب کا راستہ اپنانےکی وجہ بتادی
نور نے کہا مجھے سمجھ نہیں آتا کہ میڈیا کیوں میرے پیچھے پڑا ہوا ہے اور کیوں مجھے سکون سے جینے نہیں دیتا۔ہر ماہ یہ میڈیا میری شادی کے حوالے سے خبر بریک کرتا ہے۔ خدا کے لیے اپنے کام سے کام رکھو کیا آپ لوگوں کے پاس میرے اور میری زندگی کے بارے میں بات کرنے کے علاوہ کوئی اور مواد نہیں ہے؟ نور نے مزید کہا میں نے کسی وجہ سے انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کی تھی تاکہ مجھے احمقانہ خبروں کی زینت نہ بنایا جائے۔
واضح رہے کہ دو سال قبل نور بخاری نے اپنے چوتھے شوہرولی حامد سے خلع لے لی تھی اور شوبز کو ہمیشہ کے لیے خیرباد کہہ کر دین کا راستہ اپنانے کا فیصلہ کیا تھا۔ تاہم کچھ دنوں سے سوشل میڈیا پر نور بخاری کی پانچویں شادی کی خبریں گردش کررہی تھیں جن کے مطابق نور نے پاکستانی نژاد برطانوی شہری سے شادی کرلی ہے اور دونوں برطانیہ میں خوشگوار ازدواجی زندگی گزار رہے ہیں۔