امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ایک نوجوان نے اپنی سالگرہ کے روز اسکول میں فائرنگ کردی جس سے 2 طلبہ ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق کیلیفورنیا میں شمالی لاس اینجلس میں واقع ایک اسکول میں اسکول لگنے کے کچھ دیر بعد ہی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 2 طلبہ کے ہلاک اور 3 کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
برطانوی میڈیا کاکہناہےکہ فائرنگ کے شبے میں ایک 16 سالہ نوجوان کو زخمی حالت میں حراست میں لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 38 منٹ پر پیش آیا جس کی اطلاع ملنے پر پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی جہاں سے 6 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جب کہ ان زخمیوں میں سے ہی بعد میں مشتبہ حملہ آور کی شناخت ہوئی۔
پولیس کاکہناہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والی 16 سالہ لڑکی اور 14 سالہ لڑکا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج چل بسے جب کہ دیگر زخمیوں میں دو لڑکیاں اور ایک لڑکا شامل ہے۔
پولیس کے مطابق مشتبہ حملہ آور ایک 16 سال کا نوجوان ہے جس کی آج سالگرہ تھی جب کہ نوجوان نے فائرنگ کرنے کے بعد خود کو بھی گولی ماری جس سے وہ زخمی ہوگیا۔
پولیس کا بتانا ہےکہ حملہ آور کے قبضے سے ایک آٹومیٹک پستول برآمد کی گئی ہے جس میں کوئی گولی موجود نہیں تھی۔
پولیس نے ملزم کے گھر کی تلاش کرلی گئی ہے جہاں سے مزید شواہد اکٹھے کیے جائیں گے۔