نواز شریف کشمیر کا مقدمہ لڑیں گے اور جیتیں گے، مریم نواز

نواز شریف کشمیر کا مقدمہ لڑیں گے اور جیتیں گے، مریم نواز


پاکستان مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کشمیر کا مقدمہ لڑیں گے اور جیتیں گے۔

حویلی آزاد کشمیر میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سلیکٹڈ کی طرح آزاد کشمیر کو مودی کے حوالے نہیں کریں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ میں ایسی جگہ پر کھڑی ہوں جس کے 3 اطراف میں ایل او سی (لائن آف کنٹرول ) ہے تو میں سب سے پہلے مقبوضہ کشمیر جو ایل او سی کے اُس پار ہے، میں مقبوضہ کشمیر کے شہید بیٹوں، ان کی ماؤں، والدینکو سلام پیش کرتی ہوں، اور یہ کہنا چاہتی ہوں کہ آپ کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ وہ ایک لاکھ شہدا جنہوں نے اپنی سرزمین کی آزادی کے لیے اپنا خون بہایا ہے، مریم نواز یہاں کھڑے ہوکر وعدہ کرتی ہے کہ نواز شریف اور آزاد کشمیر میں کھڑے لوگ آپ کا مقدمہ لڑیں گے، نہ صرف یہ مقدمہ لڑیں گے بلکہ سلیکٹڈ کی طرح کشمیر کو مودی کے حوالے نہیں کریں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کشمیر کا مقدمہ لڑے گا بھی اور جیتے گا بھی، نواز شریف جب کشمیریوں کے وکیل تھے تو برہان وانی شہید کا مقدمہ ایک شیر کی طرح امریکا میں سلامتی کونسل میں لڑا تھا، نواز شریف جیسا شیر تھا تو دشمن کے 5 ایٹمی دھماکوں کے جواب میں 6 ایٹمی دھماکے کیے تھے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے منہ لٹکا کر کشمیریوں کو یہ نہیں کہا کہ اگر بھارت کشمیر اچک کر لے گیا تو میں کیا کرسکتا ہوں، نواز شریف نے سر پھینک کر یہ نہیں کہا کہ 2 منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے، مقبوضہ کشمیر کا یہ مقدمہ صرف آزاد کشمیر کے شیر اور شیرنیاں ہی لڑسکتے ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں سرحدوں پر کھڑے پاکستانی فوج کے ان محافظ بیٹوں کو بھی سلام پیش کرنا چاہتی ہوں جو کسی بھی سیاست سے بالاتر ہوکر اپنے وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے سرحدوں پر جانیں ہتھیلی پر لیے اپنے وطن کی حفاظت کررہے ہیں، میں تمام پاکستانیوں کی جانب سے ان فوجیوں کو دونوں ہاتھوں سے سلام پیش کرتی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ آج 13 دن ہوگئے میں کشمیر ہوں گھر واپس نہیں گئی، میں نے گھر کیوں جانا تھا، میں تو اپنے گھر میں کھڑی ہوں اور مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ میں نے کسی پیسوں والی مشین کے پاس جلسہ نہیں کیا۔

پاکستان مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر نے کہا کہ کل میں باغ میں گئی، اسی باغ میں مجھ سے ایک دن پہلے اپنی نئی نویلی اے ٹی ایم کے پاس آکر عمران خان نے جلسہ کیا تھا، سرکاری اخراجات کے باوجود اس جلسے میں باغ کے لوگوں نے جانے سے انکار کردیا اور جب میں باغ گئی تو یقین جانیں باغ والوں نے میرا ایسا استقبال کیا کہ میں ساری زندگی نہیں بھول سکتی۔



اپنا تبصرہ لکھیں