نواز اور شہباز شریف کی والدہ انتقال کر گئیں


z

سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی والدہ شمیم اختر انتقال کر گئیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شمیم اختر کے انتقال کی اطلاع دی۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف کی والدہ کی طبیعت گزشتہ ایک ماہ سے ہی خراب تھی لیکن گزشتہ چند روز سے ان کی طبیعت بہت زیادہ خراب تھی اور  ان کا انتقال ایون فیلڈ اپارٹمنٹس میں ہوا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کی والدہ کا انتقال لندن میں ہوا جہاں نواز شریف علاج کے لیے موجود ہیں جب کہ شہباز شریف اس وقت لاہور کی جیل میں ہیں۔

شریف فیملی ذرائع کے مطابق بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ لندن میں ہی ادا کی جائے گی اور ان کا جسد خاکی کل پاکستان کے لیے روانہ کیا جائے گا تاہم نواز شریف کے میت کے ساتھ پاکستان آنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔

وزیراعظم عمران خان، بلاول بھٹو زرداری، چوہدری شجاعت حسین، چوہدری مونس الٰہی، شیخ رشید، عبدالعلیم خان، راجا ظفر الحق، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ، کنوینر ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی اور مصطفیٰ کمال سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں کی جانب سے نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا گیا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں