نواز اور زرداری مل کر اسٹیبلشمنٹ کو ہمارے خلاف کرنے کی کوشش کررہے ہیں، عمران خان

نواز اور زرداری مل کر اسٹیبلشمنٹ کو ہمارے خلاف کرنے کی کوشش کررہے ہیں، عمران خان


پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف اور آصف زرداری دونوں مل کر کوشش کررہے ہیں کہ پاکستان کی سب سے بڑی جماعت تحریک انصاف کو اسٹیبلشمنٹ کے خلاف کریں، یہ ملک کے خلاف سازش ہے۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے گوجرنوالہ میں لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غلام قوم کیڑے مکوڑوں کی طرح ہوتی ہے ان کے حقوق نہیں ہوتے ، لوگوں کی عزت نہیں ہوتی، ظلم اور تشدد ہوتا ہے، غلام قوم کو بیرون ملک سے جھڑکی ملتی ہے کہ روس سے تیل نہیں لینا۔

انہوں نے کہا کہ ایسی قوم کے حکمران فیصلہ کرنے سے پہلے امریکا سے این او سی لیتے ہیں اور پوچھتے ہیں کہ روس سے تیل لے سکتے ہیں یا نہیں؟۔

انہوں نے کہا کہ مشرقی پاکستان بھی اس لیے الگ ہوا کیونکہ وہ لوگ بنیادی حقوق سے محروم تھے، اُس وقت کے سیاستدان نے پاکستان کی فوج کو مشرقی پاکستان کے خلاف کھڑا کردیا تھا اور نتیجتاً پاکستان ٹوٹ گیا تھا۔

عمران خان نے کہا کہ آج پھر لندن میں بیٹھا ہوا شخص نواز شریف اور آصف زرداری دونوں مل کر کوشش کررہے ہیں کہ پاکستان کی سب سے بڑی جماعت کو اسٹیبلشمنٹ کے خلاف کریں، یہ ملک کے خلاف سازش ہے۔

انہوں نے چیف الیکشن کمشنر کو شریف خاندان کے گھر کا پالتو قراردیتے ہوئے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر میرے خلاف کیس کررہے ہیں، میں ان خلاف عدالت جاؤں گا اور 10 ارب کا ہرجانہ کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ ان سب کا ایک ہی مقصد ہے کہ ملک میں چوروں کو مسلط کیا جائے۔

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف ملک میں واپس آئیں اور الیکشن لڑیں، میں ان کے حلقہ میں انہیں شکست دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ سے فارغ ہوکر میں سندھ کا دورہ کروں گا کیونکہ سندھ کے لوگوں کو سب سے زیادہ آزادی کی ضرورت ہے۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے خلاف جب بھی کیس ہوا وہ سابق صدر پرویز مشرف سے این آر او لے کر ملک سے بھاگ گئے، اسی طرح اب ہم انتظار کررہے ہیں کہ نواز شریف کو طاقتور اسٹیبلشمنٹ سے این آر او ملے گا اور ملک میں ایک بار پھر واپس آجائیں گے جس طرح منی لانڈر اسحٰق ڈار واپس آئے۔

عمران خان نے کہا کہ جب نواز شریف ملک واپس آئیں گے تو ہم ان کا استقبال کرکے سیدھا اڈیالہ جیل پہنچائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں انصاف کے لیے اور قانون کی بالادستی کے لیے جنگ لڑیں گے اور یہ نہیں ہوسکتا کہ ڈاکو لوگ ملک لوٹ لیں، پیسہ باہر لے جائیں اورانہیں این آر او مل جائے۔

عمران خان نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی اور سینیٹر اعظم سواتی، پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کو انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹر اعظم سواتی کے گھر سے ایجنسی والوں نے کیمرے اتار لیے، اس کی تحقیقات کروائی جائیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں