لاہور: سابق وزیراعظم نوازشریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل رہے گا۔
جیونیوز کے مطابق امیگریشن ذرائع کا کہنا ہےکہ نوازشریف کا نام ای سی ایل میں بدستور شامل ہے اور قانون کے مطابق ان کا نام ای سی ایل میں شامل رہے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف عدالتی احکامات دکھا کر ملک سے باہر جاسکیں گے۔
وزارت داخلہ کے ذرائع کا کہناہے کہ نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالاجائے گا البتہ ای سی ایل کےکمپیوٹرائزڈ سسٹم میں عدالتی حکم کا ذکر کردیا جائےگا۔
ذرائع نے مزیدبتایا کہ نوازشریف پاسپورٹ کےہمراہ ائیرپورٹ پر تصدیق شدہ عدالتی حکم دکھانے کے پابند ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیررپورٹ انتظامیہ کو ابھی تک ائیر ایمبولینس آمد کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی کابینہ نے نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی منظوری دی تھی تاہم کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے ای سی ایل نے سابق وزیراعظم کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی بجائے انہیں ایک مرتبہ (ون ٹائم پرمیشن) بیرون ملک جانے کی اجازت دی اور اس کے عوض 7 ارب کے سیکیورٹی بانڈ حکومت کے پاس جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔
تاہم مسلم لیگ ن نے حکومتی شرط کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا جس پر عدالت نے حکومتی شرط کو معطل کرتے ہوئے نوازشریف کو 4 ہفتوں کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تاہم عدالت نے سابق وزیراعظم کی بیرون ملک روانگی کے لیے شریف برادران سے ایک اقرار نامہ بھی لیا ہے۔