لاہور: پاکستانی فلم انڈسٹری کے معروف ہدایتکار، پروڈیوسر اور فلم رائٹر سید نور نے انکشاف کیا ہے کہ نعمان اعجاز کے ایک انکار نے شان شاہد کے فلاپ ہوتے کیریئر کو کامیاب بنایا۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران سید نور نے کہا کہ شان شاہد کے کیریئر کا آغاز بہت اچھا ہوا تھا، لالی ووڈ میں قدم رکھتے ہی اُن کی پہلی اور دوسری فلم ہٹ ہوگئی تھی، دو فلمیں کامیاب ہونے کے بعد شان کو ایک کے بعد ایک فلم کی آفر ہوتی چلی گئی۔
سید نور نے کہا کہ شان نے ہر فلم کی آفر قبول کی اور وہ کام کرتے گئے لیکن پھر اُن کی فلمیں فلاپ ہونا شروع ہوتی گئیں، ایک وقت ایسا بھی آیا کہ جب فلمی شائقین نے شان کی فلمیں دیکھنا چھوڑ دی تھیں۔
اُنہوں نے کہا کہ لگاتار فلمیں فلاپ ہونے پر شان شاہد پاکستان سے امریکا چلے گئے تھے، اسی دوران، میں نے فلم ‘سنگھم’ اور ‘گھونگھٹ’ بنانے کے بارے میں سوچا، ‘گھونگھٹ’ کے لیے پہلا انتخاب نعمان اعجاز تھے لیکن نعمان اعجاز نے چند وجوہات کی بناء پر فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد، میں نے فلم میں شان کو کاسٹ کرنے کا سوچا۔
سید نور نے کہا کہ میرے فیصلے پر ‘گھونگھٹ’ کے ہدایتکار کو اعتراض تھا کیونکہ وہ شان کو فلم میں کاسٹ نہیں کرنا چاہتے تھے جبکہ فلم خریدنے والوں نے بھی شان کا نام سُنتے ہی اپنے پیسے واپس مانگ لیے تھے۔
اُنہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ میں نے بہت مشکل سے سب کو راضی کرکے شان کو فلم ‘گھونگھٹ’ میں کاسٹ کیا اور جیسے ہی فلم ریلیز ہوئی تو ہر طرف شان کی دھوم مچ گئی تھی۔
سید نور نے مزید کہا کہ لوگوں نے شان کی اداکاری کو بہت پسند کیا جس کے بعد اُنہیں فلم ‘سنگھم’ میں بھی بطورِ ہیرو کاسٹ کیا گیا۔