نشوہ قتل کیس میں 5 ملزموں کے خلاف چالان منظور


کراچی: 

نشوہ قتل کیس میں عدالت نے 5 ملزمان کے خلاف چالان منظور کرلیا.

نشوہ ہلاکت کیس کی سماعت پراسپتال کے مالک ڈاکٹر علی فرحان اور بچی کے والد قیصر علی عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے استفسار کیا کہ بچی کی ہلاکت کیسے ہوئی، والد قیصر نے بتایا کہ بچی کو طبیعت بگڑنے پر اسپتال لے گیا جہاں ڈاکٹر نے چیک کرکے انجکشن لکھا ، نرس ثوبیہ نے انجکشن بھرا اور معیز نے انجکشن لگایا، انجکشن لگنے کے بعد نشوہ کو فالج ہوگیا، آئی سی یو شفٹ کیا گیا اور کچھ دن علاج ہوا لیکن صحت میں بہتری نہیں آئی، بچی کو لیاقت نیشنل اسپتال لے گیا جہاں وہ جاںبحق ہوگئی.

عدالت نے استفسار کیا کہ اس وقت اسپتال میں ڈیوٹی پر ڈاکٹر کون تھا،قیصر علی نے بتایا کہ اس وقت ڈاکٹر عطیہ ڈیوٹی پر تھی، دوسرے اسپتال منتقل کرنے کیلیے ہم اسپتال انتظامیہ سے کہتے رہے کہ لکھ کر دیں کہ غلط انجکشن لگاہے، نشوہ کے والد اور اسپتال انتظامیہ کے درمیان ہونے والے معاہدے سے عدالت کو آگاہ کیا گیا، اسپتال انتظامیہ کی جانب سے نشوہ کے نام کا وارڈ بنا دیا گیا ہے ایک فنڈ رکھا گیا ہے جس سے نادر افراد کا علاج ہوگا.

عدالت نے ریمارکس دیے کہ عدالت میں معاہدے کی کاپی دی جائے۔ عدالت میں دونوں فریقین کے درمیان ہونے والے معاہدے کی کاپی جمع کرادی گئی، عدالت نے 5 ملزموں کیخلاف چالان منظور کرلیا، عدالت نے نشوہ کیلیے انجکشن بنانے والا، لگانے والا، وارڈ انچارج اور دیگرعملے کو واقعے کے ذمے دار قرار دیا، عدالت نے فیصلے میں حکم دیا کہ ان ملزموں کیخلاف ٹرائل ہوگا.

عدالت نے آغا معیز، ثوبیہ اور وارڈ انچارج سمیت 5 ملزموں کو پانچ پانچ لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیدیا،استغاثہ نے آغا معیز اور ثوبیہ کے علاوہ تمام ملزموں کوبے قصور قرار دیا تھا، جوڈیشل مجسٹریٹ ایسٹ نے پولیس کا پیش کردہ چالان منظور کرلیا


اپنا تبصرہ لکھیں