بین الاقوامی شہرت کے حامل پاکستانی کامیڈین نسیم وکی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کپل شرما یا سنیل گرور جیسا کوئی کامیڈین نہیں ہے۔
ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر نشر ہونے والے پوڈ کاسٹ میں شرکت کرتے ہوئے نسیم وکی نے کپل شرما اور ان کے شو کو سراہا اور ملک میں معیاری کامیڈین کی کمی کا شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ایک بھی کامیڈین کپل شرما اور سنیل گرور کی ٹکر کا نہیں ہے۔
انہوں نے بھارتی انڈسٹری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی میڈیا انڈسٹری بھارتی میڈیا انڈسٹری کے سامنے کچھ نہیں ہے، ہمارے پاس اتنے ہیرو، ہیروئن ، ہدایت کار اور پروڈیوسرز نہیں ہیں جتنے بھارتی میڈیا انڈسٹری میں موجود ہیں، نہ ہی ہمارے پاس اتنی فلمیں بنتی ہیں کہ ان کی پروموشن کے لئے لوگ شو میں آئیں، پھر ان کا کانٹینٹ بہت مضبوط ہے۔
نسیم وکی کے دی کپل شرما شو اور بھارتی میڈیا انڈسٹری کے خیالات سے متعلق ویڈیو جب سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو سوشل میڈیا صارفین نسیم وکی پر برس پڑے۔
سوشل میڈیا صارفین نے انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کمنٹس میں تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ بھارت کی محبت میں انہوں نے پاکستانی کامیڈی کو پروان چڑھانے والے اور کم وسائل ہونے کے باوجود بہترین اداکاری کرنے والے پاکستانی سینئر فنکاروں کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔
بعض صارفین کے مطابق کپل شرما کی کامیڈی فیملی کے ساتھ نہیں دیکھی جا سکتی، کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ نسیم وکی بھارت میں کام کرنا چاہتے ہیں اس لئے ایسا کہہ رہے ہیں جبکہ کچھ کے مطابق نسیم وکی عمر شریف، معین اختر، منور ظریف، امان اللہ سمیت دیگر پاکستانی لیجنڈز کو بھول چکے ہیں۔