پاکستان کرکٹ ٹیم کے خوبرو نوجوان فاسٹ بالر نسیم شاہ اور بھارتی اداکار و سابق ماڈل پریانشو چترجی کے درمیان مشابہت پر سوشل میڈیا صارفین آپس میں لڑ پڑے۔
بعض صارفین کے مطابق دونوں شخصیات میں مماثلت نہیں ہے جبکہ بعض صارفین اس بات پر لڑ رہے ہیں کہ کون زیادہ بہتر ہے اور بعض صارفین کے مطابق بھارت اور پاکستان کے لوگوں میں بہت مماثلت ہے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ان دنوں ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک جانب پاکستانی فاسٹ بالر نسیم شاہ کے مختلف ویڈیو کلپس کو ایڈیٹ کیا گیا ہے جبکہ دوسری جانب بھارتی اداکار پریانشوکی کے مختلف ویڈیو کلپس ایڈیٹ کیے گئے ہیں۔
ویڈیو شیئر کرنے والے صارف نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا ہے کہ پتہ نہیں کیوں میں ان دونوں میں مماثلت دیکھتا ہوں، ان دونوں میں ایک دوسرے کی شباہت آتی ہے۔
ویڈیو شیئر کرنے والے صارف نے یہ بھی واضح کیا کہ بھارتی اداکار پریانشو چترجی اب بہت تبدیل ہو گئے ہیں لیکن ان کا 90ء کی دہائی کا دور نسیم شاہ سے بہت ملتا جلتا ہے۔
ویڈیو سوشل میڈیا کی زینت بننا تھی کہ دونوں معروف شخصیات کے مداح آپس میں الجھ پڑے اور کہا کہ ان دونوں میں مماثلت نہیں ہے، نہ ہی ان دونوں میں ایک دوسرے کی شباہت آتی ہے۔
بیشتر صارفین نے وائرل ویڈیو کے کمنٹس میں تبصرہ کرتے ہوئے نسیم شاہ کو زیادہ خوبصورت قرار دیا اور کہا کہ ان دونوں میں بالکل بھی مماثلت نہیں ہے۔
ایک صارف کے مطابق نسیم شاہ ایک اسپورٹس مین ہیں جو 8 سے 10 گھنٹے گراؤنڈ میں پریکٹس کرتے ہیں ان کا موازنہ ایک اداکار سے نہیں ہونا چاہیے جو میک اپ کرتا ہے۔
جبکہ بعض صارفین کے مطابق پاکستانیوں و بھارتیوں میں کافی مماثلت دکھائی دیتی ہے۔