بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) رہنما نریندر مودی نے 45 گھنٹوں کا طویل مراقبہ شروع کردیا ہے، اس دوران وہ کچھ بھی نہیں کھائیں گے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز ساتویں اور آخری مرحلے کی انتخابی مہم ختم ہونے کے بعد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی بھارتی ریاست تامل ناڈو کے شہر کنیا کماری میں مراقبے کے لیے پہنچے۔
بی جے پی رہنما نے سوامی وویکانند کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے بنائی گئی ایک یادگار ’راک میموریل‘ (دھیان منڈپم) میں گزشتہ شام 6 بج کر 45 منٹ پر مراقبہ شروع کیا۔
واضح رہے کہ یہ دھیان منڈپم وہی مقام ہے جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ 131 سال قبل یہاں ہندوؤں کی ایک روحانی شخصیت وویکانند نے مراقبہ کیا تھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 45 گھنٹوں کے طویل مراقبے کے دوران نریندر مودی صرف مائع غذا پر ہوں گے اور ناریل کا پانی، انگور کا رس اور دیگر مائعات کا استعمال کریں گے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق وزیر اعظم مراقبے کے دوران خاموش رہیں گے اور مراقبہ ہال سے باہر نہیں آئیں گے۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب نریندر مودی انتخابی مہم کے اختتام پر روحانی سفر کر رہے ہیں، بلکہ اس سے قبل 2019 میں انہوں نے کیدارناتھ اور 2014 میں شیواجی کے پرتاپ گڑھ کا دورہ کیا تھا۔