کراچی: ناک آؤٹ میچز کراچی میں ہی کرائیں، پی ایس ایل کی بعض فرنچائزز نے بورڈ سے مطالبہ کر دیا۔
کورونا وائرس سے پی ایس ایل 5 بْری طرح متاثر ہوئی ہے، میچز اب شائقین کے بغیر کھیلے جا رہے ہیں، غیرملکی کرکٹرز بھی واپس چلے گئے، پی سی بی نے شیڈول میں تبدیلی کرتے ہوئے پلے آف میچز کو سیمی فائنل میں تبدیل کر دیا،ایونٹ کا دورانیہ اب چار دن کم جبکہ میچز کی مجموعی تعداد34 کے بجائے 33 رہ گئی ہے، تینوں ناک آؤٹ میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں منعقد ہونے ہیں، سیمی فائنلز 17 جبکہ فائنل 18مارچ کو ہوگا۔
ذرائع نے بتایا کہ بعض فرنچائزز لاہور جانے سے خوش نہیں ہیں، ان کا موقف ہے کہ چار ٹیمیں کراچی میں موجود تو بقیہ تمام میچز یہیں کرا دیے جائیں، اگر ضرورت پڑے تو باقی دونوں ٹیموں کو یہاں بلا لیں، اس طرح سفری اخراجات کم ہو جائیں گے، البتہ بورڈ نے اس تجویز کو منظور نہیں کیا، جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب تک فرنچائز اونرز کے گروپ میں اس حوالے سے گرماگرم بحث جاری تھی۔
ایک موقع پر ووٹنگ کرائی گئی جو3-3 سے برابر رہی، اس پر بورڈ حکام نے لاہور میں ہی میچز کرانے کا فیصلہ برقرار رکھا مگر واضح طور پر تین فرنچائزز اس سے ناخوش دکھائی دیں۔
اس حوالے سے رابطے پر پی سی بی کے ترجمان نے کہا کہ دونوں سیمی فائنلز اور فائنل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہی کھیلے جائیں گے، ہمارا اب شیڈول میں مزیدکسی تبدیلی کاکوئی ارادہ نہیں ہے۔