نانا پاٹیکر کی شاہ رخ خان اور سنی دیول کی فلموں پر تنقید

نانا پاٹیکر کی شاہ رخ خان اور سنی دیول کی فلموں پر تنقید


بھارتی معروف سینئر اداکار نانا پاٹیکر نے بالی ووڈ کنگ،  شاہ رخ خان کی فلم ’جوان‘ اور اداکار سنی دیول کی فلم ’غدر 2‘ پر کڑی تنقید کی ہے۔

نانا پاٹیکر آج کل اپنی آنے والی نئی فلم ’دی ویکسین وار‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں۔

نانا پاٹیکر نے حال ہی میں اپنی آئندہ فلم ’دی ویکسین وار‘ کے ٹریلر لانچ کے موقع پر میڈیا کے ساتھ حالیہ ریلیز ہونے والی بہت سی فلموں سے متعلق بات چیت کی اور فلم ’جوان‘، ’غدر 2‘  اور ’ویلکم 3‘  پر تنقید کی۔

اداکار نے اپنی مزاحیہ فلم ’ویلکم‘ کے سیکویل ’ویلکم تھری‘ میں اپنے مرکزی اور مضبوط کردار سے نکالے جانے پر بات کی اور فلم میکرز کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

نانا پاٹیکر کا کہنا تھا کہ ہو سکتا ہے میں بہت بوڑھا ہو گیا ہوں اس لیے مجھے فلم کے سیکویل سے باہر نکال دیا گیا ہے۔

سینما اور فلم سازی کے بدلتے ہوئے رجحانات پر بات کرتے ہوئے نانا پاٹیکر نے سارا الزام حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلموں پر ڈال دیا اور اس موضوع پر کھل کر بات کی۔

یاد رہے کہ شاہ رُخ خان کی فلم ’جوان‘ اور سنی دیول کی فلم ’غدر 2‘ سینما گھروں اور کمائی کے محاظ پر نئے جھنڈے گاڑ رہی ہیں۔

اداکار نانا پاٹیکر نے اِن دونوں فلموں کا نام لیے بغیر اِن پر تنقید کی۔

اُن کا کہنا تھا کہ کمرشل اور متوازی سینما کا دور اب موجود نہیں ہے، او ٹی ٹی کی آمد کے بعد تمام فلموں کو ایک نیا پلیٹ فارم مل گیا ہے تو متوازی سینما کا دور ختم ہو چکا ہے، اب جیسی فلمیں بن رہی ہیں اور جو اِن فلموں کو دیکھ رہے ہیں اس سے یہ پتہ لگایا جا سکتا ہے کہ آپ کیسی سوچ رکھتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج کل خاص قسم کی فلمیں ہٹ ہو رہی ہیں، حال ہی میں ایک فلم بہت کامیاب ہوئی، میں اسے دیکھنے گیا، میں وہ بے کار فلم دیکھ نہیں پا رہا تھا لیکن وہ فلم بہت چل رہی ہے، چونکہ اس فلم نے بزنس کیا ہے اس سے مجھے یہ محسوس ہو رہا ہے کہ اب ہم بار بار ایسی فلمیں بنائیں گے اور ناظرین کو ایسی فلمیں پسند کرنے پر مجبور کریں گے۔

واضح رہے کہ اس انٹرویو کے دوران اداکار نے کسی فلم کا نام نہیں لیا مگر بھارتی میڈیا پر مبصرین اور سوشل میڈیا صارفین کا خیال ہے کہ اس انٹرویو میں نانا پاٹیکر کی توپوں کا رُخ ’جوان’ اور غدر2‘ کی جانب ہے۔

انٹرویو کے دوران نانا پاٹیکر کا مزید کہنا تھا کہ  اب میں اداکار ہوں، کل کو میں اپنے بیٹے کو اداکار بنانا چاہتا ہوں، چاہے  وہ اداکاری کے ساتھ انصاف کرے یا نہ کرے لیکن میں اس کے اوپر اداکاری کو تھوپنا چاہتا ہوں۔

اداکار نےکہا کہ اس طرح ایک فلم کا معیار خراب ہوگا، پھر ایک کے بعد 10 فلموں کا معیار خراب ہوگا اور اس طرح آپ خراب اداکاری اور بے کار فلمیں دیکھنے کے عادی ہو جائیں گے جس کے بعد برائیاں آپ کو کم دکھنے لگیں گی، کچھ ایسی ہی گھناؤنی فلمیں بھی ہیں جنہیں ہمیں دیکھنے کے لیے مجبور کیا جاتا ہے۔

یاد رہے کہ نانا پاٹیکر وویک رنجن اگنی ہوتری کی فلم ’دی ویکسین وار‘ میں جَلد نظر آئیں گے۔


اپنا تبصرہ لکھیں