پاکستان انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے نامور اداکار آصف رضا میر امریکی چینل ایچ بی او کی سیریز میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔
اداکار آصف رضا میر امریکی ویب سیریز ‘لندن’ میں جلوہ گر ہوں گے جس کا نام اس سے قبل ‘گینگ آف لندن’ رکھا گیا تھا اور یہ ویب سیریز کل 10 اقساط پر مشتمل ہو گی۔
امریکی ویب سیریز ‘لندن’ کی پہلی جھلک میں پاکستانی اداکار آصف رضا میر کو بھی دکھایا گیا ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ ‘جو میرے لیے برا ہے وہ تمہارے لیے بھی برا ہے’۔
جلد نشر کی جانے والی ویب سیریز کی کہانی ایک بین الاقوامی گینگ کے گرد گھومتی ہے جو کہ لندن پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔
امریکی ویب سیریز ‘لندن’ میں پاکستانی اداکار آصف رضا میر کے ساتھ ساتھ معروف امریکی اداکار رے پنتھکی اور ڈیوڈ بریڈلے بھی اداکاری کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ لیجنڈری اداکار آصف رضا میر نے 80 کی دہائی میں مقبول ہونے والے ڈرامہ سیریل ‘تنہائیاں’ میں اپنی بہترین اداکاری سے سب کو محظوظ کیا تھا۔