ناقص بیٹنگ سے خطرے کی گھنٹی بج گئی


 لاہور: 

 پاکستان شاہینز کے میچ میں ٹیسٹ کرکٹرز کی ناقص بیٹنگ سے خطرے کی گھنٹی بج گئی۔وانگرائے میں ٹورکا واحد 4 روزہ میچ شروع ہو گیا۔ پہلے روز نیوزی لینڈ اے نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا، کئی ٹیسٹ کرکٹرز ٹیم میں شامل ہونے کے باوجود پاکستان شاہینزکی بیٹنگ لائن ناکام ہوگئی، تمام بیٹسمین 194رنز پر پویلین لوٹ گئے، پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے کے امیدواروں میں سے اظہر علی کے سوا کوئی نصف سنچری بھی نہ بنا سکا۔

شان مسعود8، عابد علی7 اور فواد عالم3 رنز بناکر رخصت ہوئے،صرف 76پر 4وکٹیں گرنے کے بعد روحیل نذیر 21 اور عماد بٹ 27رنز پر چلتے بنے، ٹیل اینڈرز نے کچھ مزاحمت کی،یاسر شاہ 18کے بعد سہیل خان کھاتہ بھی نہیں کھول پائے،اظہر علی سست روی سے بیٹنگ کرتے ہوئے 172گیندوں پر 58 کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد آخری بیٹسمین نسیم شاہ بھی 3 رنز بناکر چلتے بنے، محمد عباس 19 پر ناٹ آؤٹ رہے، ایڈ نٹل5اور ناتھن اسمتھ 3شکار کرنے میں کامیاب ہوئے، 9وکٹیں پیسرز اور ایک اسپنر نے حاصل کی۔

نیوزی لینڈ اے نے ایک وکٹ پر 23 رنز بنائے ہیں، ہینری کوپر کو محمد عباس نے کھاتہ کھولنے کی مہلت نہیں دی،راچن رویندرا اور کین میکلور 11، 11رنز کے ساتھ جمعے کو اننگز کا دوبارہ آغاز کریں گے۔


اپنا تبصرہ لکھیں