ناقابل شکست بھارت نے ویسٹ انڈیز کو ورلڈکپ سے باہر کردیا


مانچسٹر: آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے 34 ویں میچ میں بھارت نے ویسٹ انڈیز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 125 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل کی دوڑ سے باہر کردیا۔

بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 269 رنز کا ہدف دیا ہے تاہم ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 34.2 اوورز میں 143 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی۔

میچ میں کامیابی کے بعد بھارت پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے، اس نے 6 میچز میں 11 پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔ دوسری جانب ویسٹ انڈیز کی ٹیم 7 میچز میں سے 5 میں شکست کھانے کے بعد ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہوگئی ہے۔ اس کے بقیہ دو میچز رسمی کارروائی ہوں گے۔

فوٹو: آئی سی سی

مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو کے ایل راہول اور روہت شرما نے اننگز کا آغاز کیا۔

بھارتی اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہ کرسکے، ٹیم کا مجموعی اسکور 29 تک پہنچا تو روہت شرما 18 رنز بنا کر کیمار روچ کا شکار بن گئے۔

دوسرے اوپنر کے ایل راہول بھی 48 رنز بنا کر ہولڈر کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

فوٹو: آئی سی سی

نئے آنے والے بلے باز وجے شنکر اور کیدار جادیو بھی زیادہ دیر کریز پر ٹھہر سکے اور دونوں کھلاڑی بالترتیب 18 اور 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کپتان ویرات کوہلی نے ایک بار پھرشاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ میں چوتھی لگاتار نصف سنچری مکمل کی اور وہ 72 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بھارتی وکٹ کیپر مہندرا سنگھ دھونی نے بھی ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 56 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ ہاردک پانڈیا نے 38 گیندوں پر 46 رنز کی تیز اننگز کھیلی۔

بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 268 رنز بنائے جب کہ ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیمار روچ نے تین اور کوٹریل اور جیسن ہولڈر نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 34.2 اوورز میں 143 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے سنیل امبریس 31 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔

بھارت کی جانب سے محمد شامی نے 4، بھمرا اور چاہال نے دو دو جبکہ پانڈیا اور کلدیپ یادیو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ بھارتی ٹیم رواں ورلڈکپ میں اب تک ناقابل شکست ہے۔

بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

بھارت کو ٹورنامنٹ میں ابھی مزید 3 میچز کھیلنے ہیں اور بظاہر بھارت کی سیمی فائنل میں رسائی آسان نظر آرہی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں