پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف میزبان و اداکارہ نادیہ خان نے مارننگ شو کی میزبانی کرنے کے لیے ملنے والے معاوضے کے بارے میں بتا دیا ہے۔
نادیہ خان نے پاکستان میں مارننگ شوز کی روایت کا آغاز کیا جسے بعد ازاں بہت مقبولیت حاصل ہوئی۔
اُنہوں نے حال ہی میں یوٹیوبر نادر علی کی پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اپنی نجی زندگی اور شوبز کیریئر کے بارے میں گفتگو کی۔
نادیہ خان نے اس پوڈ کاسٹ کے دوران انکشاف کیا کہ جب وہ مارننگ شو ہوسٹ کیا کرتی تھیں تو ان کے شو سے چینل کے لیے بہترین ریونیو بنتا تھا اور اُنہیں مارننگ شو کی میزبانی کے لیے یومیہ نہیں بلکہ ماہانہ تنخواہ ملتی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ میں پہلے دبئی میں ٹیچر تھی اور تب مجھے 2 ہزار درہم جبکہ دیگر ٹیچرز کو 5 سے 6 ہزار درہم ملا کرتے تھے، پھر 2003ء میں مجھے دبئی میں مارننگ شو کرنے پر پاکستانی 1 لاکھ روپے ملنے لگے جو دبئی کے لحاظ سے بہت کم تھے۔
نادیہ خان کا کہنا تھا کہ مجھے دراصل پتہ ہی نہیں تھا کہ میری کیا اہمیت ہے اور مجھ سے چینل کو کیا منافع مل رہا ہے اور یہ بات چینل کو بھی نہیں معلوم تھی، 2004ء میں جب میں کراچی آئی تو میں نے مارننگ شو چھوڑ دیا، چینل نے بھی کچھ نہیں کہا۔
انہوں نے کہا کہ دبئی سے جب مارننگ شو کرتی تھی تو ایک کمرشل بھی شو کے دوران نہیں چلتا تھا لیکن جیسے ہی مارننگ شو ختم ہوا تو چینل پر کالز کی بھر مار ہوگئی کہ نادیہ کہاں ہیں اور مارننگ شو کیوں نہیں آن ایئر ہو رہا؟
نادیہ خان نے بتایا کہ2005ء میں جب میں راولپنڈی میں تھی تو مجھے فون آیا کہ کراچی آئیں اور اپنے مارننگ شو کا دوبارہ آغاز کریں، اس مقصد کے لیے مجھے کراچی میں گھر اور گاڑی سمیت تمام آسائشیں دی گئیں، میں اس وقت حیران تھی کہ یہ ہو کیا رہا ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ اس وقت مجھے آسائشیں تو بہت ملیں لیکن تنخواہ کم تھی، جس پر میں نے سوال اُٹھایا کہ اس تنخواہ میں تو صرف میرے بلز ہی ادا ہوں گے اور میں پنڈی سے کراچی بلز دینے تو نہیں آئی اور میں نے اپنی تنخواہ 3 گنا بڑھانے کا کہا جس کے بعد 1 لاکھ سے میری ماہانہ تنخواہ 3 لاکھ روپے کر دی گئی۔
نادیہ خان نے یہ بھی کہا کہ اس کے بعد جب میرا شو ہٹ ہوا تو مجھے بہت ہی بڑے بڑے پیکجز کی آفر ہوئی اور میں سوچتی تھی کہ ایسا بھی کیا کر رہی ہوں جو یہ لوگ مجھے اتنے زیادہ پیسے دے رہے ہیں۔