نادیہ جمیل کینسر کو شکست دینے میں کامیاب


معروف اداکارہ نادیہ جمیل نے رواں برس اپریل کے آغاز میں تصدیق کی تھی کہ وہ بریسٹ کینسر کا شکار ہوگئی ہیں اور وہ علاج کے لیے برطانیہ منتقل ہوگئی تھیں۔

کینسر کی تشخیص کے چند دن بعد ہی 7 اپریل کو اداکارہ کی پہلی سرجری کی گئی تھی جو کہ خوش قسمتی سے کامیاب گئی تھی، جس کے بعد اداکارہ کے مزید علاج کے لیے کیموتھراپی کا آغاز کیا گیا تھا۔

کیموتھراپی کے دوران ہی نادیہ جمیل نے مئی میں اپنے سر کے بال منڈوا لیے تھے اور وہ پہلے دن سے مداحوں کو سوشل میڈیا پر اپنی صحت سے متعلق آگاہ کرتی دکھائی دیں۔

گزشتہ تین ماہ کے دوران نادیہ جمیل نے چند پوسٹس میں مایوسی کی باتیں بھی کیں اور اپنی طبیعت کافی ناساز ہونے اور خود کو تکلیف سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے مداحوں سے دعاؤں کی درخواست بھی کی تھی۔

جون کے وسط میں نادیہ جمیل کی طبعیت کافی بگڑ گئی تھی اور ڈاکٹرز نے انہیں بتایا تھا کہ ان کے جسم میں کوئی وائرس موجود ہے، جس وجہ سے ان کا کورونا ٹیسٹ بھی کیا گیا تھا مگر خوش قسمتی سے ان کا کورونا ٹیسٹ بھی منفی آیا تھا۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں کینسر فری کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا—اسکرین شاٹ
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں کینسر فری کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا—اسکرین شاٹ

جون کے وسط میں ہی اداکارہ کے دماغ کا اسکین بھی کیا گیا تھا اور کیموتھراپیز کی وجہ سے وہ کافی کمزور بھی پڑ گئی تھیں، تاہم گزشتہ ہفتے سے انہوں نے اپنی صحت بہتر ہونے کی پوسٹس کرنا شروع کی تھیں۔

جولائی کے آغاز میں ہی اداکارہ نے انسٹاگرام اور ٹوئٹس کے ذریعے بتایا تھا کہ ان کی طبعیت مسلسل بہتر ہو رہی ہے اور اب وہ پہلے سے کافی اچھا بہتر محسوس کر رہی ہیں۔

اداکارہ نے اپنی لمبی پوسٹس میں بتایا تھا کہ اگرچہ ان کی طبعیت بہتر ہے مگر اب بھی وہ ہسپتال میں ہیں لیکن انہیں امید ہے کہ جلد وہ ہسپتال سے گھر منتقل ہوجائیں گی، جہاں ایک نئی زندگی ان کی منتظر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نادیہ جمیل نے کینسر کے علاج کے دوران سر کے بال منڈوا لیے

اداکارہ نے 12 جولائی کو اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں والدہ کے ساتھ ہسپتال سے تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو خوشخبری دی کہ انہوں نے کینسر کو شکست دے دی۔

نادیہ جمیل نے اپنی پوسٹ میں کینسر فری، ذیابطیس اور شگر فری جیسے ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے اپنی والدہ، والد اور دیگر اہل خانہ سمیت مداحوں کا بھی دعائیں کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

تصاویر میں اگرچہ نادیہ جمیل کافی کمزور دکھائی دیں، تاہم انہوں نے اپنی پوسٹ میں اس بات پر خوشی اور خدا کے شکرانے ادا کیے کہ وہ موذی مرض کو شکست دینے میں کامیاب گئیں۔

مزید پڑھیں: کینسر میں مبتلا نادیہ جمیل کا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا

اپنی پوسٹ میں نادیہ جمیل نے لکھا کہ اگرچہ بیماری کا مقابلہ کرنے والی جنگ تکلیف دہ تھی، تاہم وہ اپنے خدا کی رحمت سے کبھی مایوس نہیں ہوئیں اور وہ صحت یابی کی دعاؤں پر مداحوں کی شکر گزار ہیں۔

اداکارہ نے صحت یابی پر اپنی پوسٹس میں بتایا کہ اگرچہ آئندہ چند دن تک وہ مزید ہسپتال میں رہیں گی اور گھر جانے کے بعد بھی وہ کچھ عرصہ کمزور رہیں گی، تاہم وہ ایک نئی زندگی اور اسی خوبصورت دنیا میں پہلے کی طرح شاندار زندگی گزارنے کے خیال پر خوش ہیں، جہاں وہ پہلے بھی ہنستی اور مسکراتی زندگی گزارتی تھیں۔

اداکارہ نے لکھا کہ آئندہ کچھ دن تک وہ انتہائی کم خوراک کے سہارے زندگی گزاریں گی، تاہم انہیں امید ہے کہ آنے والے دن ان کے لیے اور ان کے خاندان اور مداحوں کے لیے بہترین ہوں گے۔


اپنا تبصرہ لکھیں