پاکستانی اداکارہ و میزبان جگن کاظم نے خود پر ہونے والی تنقید کا کرارا جواب دے دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ 24 ، 25 برس کی بچی (اے ایس پی شہربانو) نے وہ کر دکھایا جو وہاں (اچھرہ بازار، لاہور) موجود بڑے بڑے مرد نہیں کر پائے، میں پچاس ہزار بار ایسے بچوں کا ہاتھ چوموں گی جس نے جو کرنا ہے کرلیں۔
حال ہی میں جگن کاظم کے ایک انٹرویو سے مختصر ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس میں انہوں نے خود پر ہونے والی تنقید کا کھل کر جواب دیا۔
نجی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو کے دوران میزبان نے ان سے سوال کیا کہ آپ نے اپنے پروگرام میں اے ایس پی شہربانو کو مدعو کیا، جس کے بعد ایک تنازع کھڑا ہوگیا کہ آپ نے انکا ہاتھ کیوں چوما؟
میزبان کا سوال مکمل ہونے سے قبل ہی جگن کاظمی جوش میں آگئیں اور ان کا سوال کاٹتے ہوئے جواب دیا کہ آپ بھی میرے پروگرام میں بطور مہمان آ چکی ہیں، یہ میرا انداز ہے جب بھی میں اپنے سے چھوٹے بچوں سے ملتی ہوں تو ان سے پیار محبت ظاہر کرتی ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ بچی میرے پروگرام میں آئی تھی، وہ 24 سے 25 برس کی بچی ہے، میری اپنی سوتیلی بیٹی دانیہ 26 برس کی ہے، تو وہ میرے بچوں کی عمر کی ہے اس نے وہ کر دکھایا جو وہاں (لاہور کی اچھرہ مارکیٹ) موجود بڑے بڑے مرد نہیں کر پائے تھے تو میں کیوں نہ اس کے ہاتھوں کا بوسہ لوں؟
مہمان اداکارہ و میزبان نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ میں پچاس ہزار بار ایسے بچوں کا ہاتھ چوموں گی، چاہے ان کا تعلق کسی بھی پروفیشن سے کیوں نہ ہو، جس نے جو کرنا ہے کرلیں۔
خیال رہے کہ حال ہی میں لاہور کے کاروباری شخص کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھنے والی نڈر آفیسر اے ایس پی شہر بانو نقوی نے 26 فروری 2024 کو لاہور کے اچھرہ بازار کے مشتعل ہجوم سے ایک خاتون کو بحفاظت نکالا تھا، جس پر عربی رسم الخط والا لباس پہنے کے سبب توہین مذہب کا الزام عائد تھا۔