میں والد کے اوپر دادی کو ترجیح دیتی ہوں، بہشت شان شاہد

میں والد کے اوپر دادی کو ترجیح دیتی ہوں، بہشت شان شاہد


پاکستان فلم انڈسٹری کے سینئر اداکار، ہدایت کار اور پروڈیوسر شان شاہد کی بیٹی بہشت شان شاہد نے اپنی دادی اور ماضی کی مایاناز اداکارہ ’نیلو بیگم‘ کی طرح بننے کی خواہش کا اظہار کیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں بلاگر نے بہشت شان شاہد سے انٹرویو لیتے ہوئے سوال کیا کہ ان کا تعلق ملک کے مایاناز فنکاروں کے خاندان سے ہے تو وہ اپنے دادا، دادی اور والد میں سے کس کو آئیڈیلائز کرتی ہیں اور کس کی طرح بننا چاہتی ہیں۔

بلاگر کے سوال پر بہشت شان شاہد نے لمحہ بھر سوچے بغیر اپنی دادی اور رومانس کی ملکہ نیلو بیگم کا نام لیا اور کہا کہ میری نظر میں ان سے بہتر کوئی نہیں ہے۔

میں ان کے جیسی اداکارہ تو نہیں بن سکتی لیکن کوشش ہوگی کہ اداکاری کے میدان میں ان کے قریب تک پہنچ سکوں تو زندگی سے خوش ہوجاؤں گی۔

بلاگر نے مزید پوچھا کہ انہوں نے اپنے والد شان شاہد کا نام کیوں نہیں لیا؟

جس پر انہوں نے کہا کہ میں انہیں بھی آئیڈیلائز کرتی ہوں، ان کی اپنی اسٹا پاور ہے لیکن امی (دادی) یا دادا جیسا بننا ان کے معیار تک پہنچنا بہت مشکل ہے۔

دریں اثنا اداکار شان شاہد بھی وہاں آتے ہیں جس پر بلاگر ان سے کہتا ہے کہ ’بہشت کا کہنا ہے کہ اداکاری کے میدان میں وہ والد کو آئیڈیلائز نہیں کرتی بلکہ دادی کو کرتی ہوں‘۔

بلاگر کے سوال پر شان شاہد نے کہا کہ ’بہت اچھی بات ہے، فلم ہماری میراث ہے یہ ہی ہماری وراثت ہے۔

ہمارا خاندان ہی ملک میں فلمی دنیا کا واحد خاندان نے جس کے کم و بیش ہرفرد کا تعلق فلموں سے ہے۔

نئے آنے والے بچوں کا اپنا نظریہ ہے اور ان پر ہم سے زیادہ ذمہ داری ہے۔ بہشت کے کندھوں پر بہترین اداکارہ بننے کے ساتھ ساتھ بہترین ہدایت کار اور رائٹر بننے کی بھی ذمہ داری ہے، انہیں پاکستان کی نمائیندگی کرنی ہے، یہاں کی کہانیوں کو پیش کرنا ہے‘۔


اپنا تبصرہ لکھیں