بھارتی اداکارہ و ماڈل سچیترا پلئی نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ پریتی زنٹا کے سابق بوائے فرینڈ اور اپنے حالیہ شوہر کے درمیان علیحدگی کی وجہ نہیں تھیں۔
اداکارہ سچیترا پلئی نے واضح کیا ہے کہ وہ اپنے شوہر لارس کجیلڈسے اور پریتی زنٹا کے درمیان نہیں آئی تھیں، لارس سے ملنے سے قبل ہی اُن کے شوہر کا پریتی سے رشتہ ٹوٹ گیا تھا۔
سچیترا پلئی نے حالیہ انٹرویو کے دوران ماضی میں جھانکتے ہوئے اپنے اوپر لگنے والے الزامات اور خود پر لگنے والے ٹیگ ’بوائے فرینڈ اسنیچر‘ پر کھل کر بات کی ہے۔
انٹرویو کے دوران انہوں نے واضح کیا کہ لارس اور پریٹی زنٹا کے درمیان بریک اپ کی وجہ وہ نہیں تھیں۔
یاد رہے کہ اداکارہ سچترا پلئی گزشتہ 19 برسوں سے لارس کجیلڈسے کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہیں۔
فلم ’دل چاہتا ہے‘ میں اداکار سیف علی خان کی گرل فرینڈ کے کردار سے مشہور ہونے والی اداکارہ سچیترا پلئی نے مزید کہا ہے کہ مجھ پر بلا وجہ ’بوائے فرینڈ چھیننے والی‘ کا لیبل لگا دیا گیا، وہ اپنے شوہر لارس سے جب ملی تھیں اس دوران پریتی اور اُن کے شوہر کے درمیان بریک اپ ہوئے کافی وقت گزر چکا تھا۔
بھارتی صحافی سدھارتھ کنن سے بات کرتے ہوئے پلئی نے کہا کہ وہ اور پریتی زنٹا کبھی دوستیں نہیں تھیں، اس کے با وجود اُنہیں ’بوائے فرینڈ چھیننے والی‘ جیسے لقب کا سامنا کرنا پڑا، کئی جریدوں کے سرِ ورق نے اُنہیں ’بوائے فرینڈ اسنیچر‘ کہہ کر مخاطب کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہاں، لارس نے پریتی زنٹا کو کچھ عرصے کے لیے ڈیٹ کیا تھا لیکن مجھ سے ملنے سے پہلے ہی اس کا پریتی سے بریک اپ ہو گیا تھا اور یہ ایک سچ ہے، وہ اس جوڑی کے درمیان نہیں آئی تھیں۔
واضح رہے کہ اداکارہ پریتی زنٹا نے 2016ء میں جین گوڈینف سے شادی کی تھی۔
دوسری جانب سچیترا پلئی کی لارس کجیلڈسے سے شادی کو تقریباً 19 سال ہوچکے ہیں اور ان کی ایک 16 سالہ بیٹی انیکا کجیلڈسن بھی ہے۔