میں دو سال سے جانتا ہوں کہ کرکٹرز فٹنس پر توجہ نہیں دے رہے: وسیم اکرم

میں دو سال سے جانتا ہوں کہ کرکٹرز فٹنس پر توجہ نہیں دے رہے: وسیم اکرم


سابق کپتان وسیم اکرم نے قومی کرکٹ ٹیم کی فٹنس کی خراب صورتحال پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔

وسیم اکرم نے حال ہی میں ایک ویب شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے قومی کرکٹ ٹیم کے فٹنس لیول کے بارے میں بات کی۔

اُنہوں نے کہا کہ میں نے اس بارے میں ابھی تک زیادہ بات نہیں  کی اور نہ ہی اس حوالے سے میرے پاس کوئی اندر کی خبریں ہوتی ہیں لیکن مجھے دو سال پہلے سے ہی پتہ تھا  کہ کرکٹرز فٹنس پر توجہ نہیں دے رہے۔

سابق کپتان نے کہا کہ اب ورلڈکپ کے دوران پوری دنیا نے بھی دیکھ لیا کہ ہماری کرکٹ ٹیم کی فٹنس کتنی اچھی ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ اگر میں آج کے دور میں کرکٹ کھیل رہا ہوتا تو مجھے فٹنس کے بارے میں بہت ساری معلومات ہوتیں کیونکہ اب اس حوالے سے آگاہی عام ہے۔

وسیم اکرم نے بتایا کہ ہم نے جس دور میں کرکٹ کھیلی اس وقت فٹنس کے بارے میں معلومات عام نہیں تھی ہمیں کچھ بھی نہیں پتہ ہوتا تھا اور اس کے لیے ہم لوگ صرف اپنے سینئرز عمران خان اور جاوید میانداد کو فالو کرتے تھے، وہ لوگ جو بھی کرتے ہم بھی بالکل ویسا ہی کیا کرتے تھے ۔


اپنا تبصرہ لکھیں