پاکستان کے معروف اداکار بہروز سبزواری نے اکلوتے اور نیک بیٹے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا، ساتھ ہی یہ بتایا کہ وہ اپنی اہلیہ کیلئے رشتے بھی دیکھنے جایا کرتے تھے۔
بہروز سبزواری اور ان کی اہلیہ سفینہ شیخ نے جیو نیوز سے نشر ہونے والے تابش ہاشمی کے شو ’حسنہ منا ہے‘ میں بطور مہمان شرکت کی۔
پروگرام کے دوران بہروز سبزواری اور ان کی اہلیہ سفینہ شیخ نے میزبان اور شرکا کے دلچسپ سوالوں کے جوابات دیئے۔
دوران انٹرویو پروگرام میں شریک ایک شخص نے بہروز سبزواری سے دلچسپ سوال کیا کہ آپ نے فلمیں اور ڈرامے تو لاتعداد کئے ہیں لیکن بیٹا ایک ہی، اس کی کیا وجہ ہے۔
اس سوال کا جواب دیتے ہوئے بہروز سبزواری نے کہا کہ میں اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں کہ اس نے مجھے اولاد کی نعمت سے نوازا ہے۔ اس نے مجھے بہت اچھی، نیک اولاد سے نوازا جبکہ کئی ایسے جوڑے ہیں جنہیں اولاد نہیں دی، وہ جسے چاہئے دے دے اور جسے چاہئے نہ دے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اکلوتی اولاد کا ہونا اللہ کی مرضی تھی اور وہ صرف اس بات پر شکر گزار ہیں کہ ان کے ہاں اولاد ہوئی جبکہ بہت سے جوڑے ایسے بھی ہیں اولاد چاہتے ہیں لیکن وہ بے اولاد رہتے ہیں اور کوئی اس کے بارے میں کچھ نہیں کرسکتا۔ اس لیے وہ اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کیونکہ مایوسی کفر ہے۔
دوران پروگرام میزبان کے سوال انہوں نے اپنی شادی سے متعلق ماضی کا ایک دلچسپ قصہ بھی سنایا اور بتایا کہ کس طرح جاوید شیخ نے ان کی شادی کروانے میں اہم کردار اداکیا۔
بہروز سبزواری نے بتایا کہ سفینہ کے بہت رشتے آیا کرتے تھے، میں اور جاوید شیخ 3 سے 4 مرتبہ ان کے لیے لڑکے دیکھنے گئے لیکن ان کے والد کبھی راضی نہیں ہوئے۔
سفینہ شیخ نے بات جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ اسی دوران ایک رشتہ ایسا بھی آیا جو میرے والد کو پسند آگیا، چونکہ والدہ حیات نہیں تھیں اور شادی کے تمام معاملات بڑی بہن کو طے کرنے تھے، اس لیے لڑکے والے رشتہ لے کر پنڈی چلے گئے۔ اسی اثنا میں جب جاوید شیخ جو کسی دوسرے شہر میں شوٹنگ میں مصروف تھے، جب انہیں پتا چلا کہ میرا رشتہ طے ہونے والا ہے تو انہوں نے انتظار کرنے کا کہا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جاوید شیخ جب شوٹنگ سے واپس آئے تو گھر والوں کو بتایا کہ یہ رشتہ نہیں ہوسکتا کیونکہ وہ بہروز سے بات پکی کرکے آچکے ہیں۔