امریکی گلوکارہ کیٹی پیری اور ریحانہ کی جعلی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
غیرملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فیشن کی دنیا کا سب سے بڑا ایونٹ میٹ گالا کی دھماکے دار واپسی ہوئی تو اسی موقع پر کیٹی پیری اور ریحانہ کی جعلی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
رپورٹس کے مطابق آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی مدد سے تیار کردہ دونوں گلوکاروں کی جعلی تصاویر کے ذریعے انہیں تقریب کے ریڈ کارپٹ پر شرکت کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق کیٹی پیری اور ریحانہ دونوں تقریب میں موجود نہیں تھیں تاہم ان جعلی تصاویر کو سیکڑوں مداح اصلی سمجھ بیٹھے اور انہیں مختف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اصلی سمجھ کر پسند اور شیئر بھی کیا جاتا رہا۔
رپورٹس کے مطابق کیٹی پیری نے خود بھی اپنی جعلی تصاویر کو سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کر کے وضاحت کی کہ یہ تصاویر جعلی ہیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق کیٹی پیری کی والدہ بھی ان تصاویر سے دھوکا کھا گئیں جس پر گلوکارہ نے والدہ کو محتاط رہنے کا کہا۔
واضح رہے کہ میٹ گالا کا انعقاد ہر سال مئی کے پہلے پیر کو امریکا کے شہر نیویارک کے میٹروپولیٹن میوزیم آف آرٹس کاسٹیوم انسٹی ٹیوٹ میں ہوتا ہے، جس میں دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے معروف فلمی ستارے اور ماڈلز شرکت کرتے ہیں۔