میشا کا ہتک عزت کی درخواست سننے والے جج پر جانبداری کا الزام


لاہور:گلوکارہ میشا شفیع  نے علی ظفر کی جانب سے دائر ہتک عزت کے دعوے کی درخواست پر سماعت کرنے والے جج پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا۔

جیونیوز کے مطابق میشا شفیع کی جانب سے لاہور کے سیشن جج کو درخواست دی گئی ہے جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہےکہ ہتک عزت کے دعوے پر سماعت کرنے والے معزز جج جانبداری کا مظاہرہ کررہے ہیں، موجودہ جج میرے وکلاء پر بلاوجہ برہم بھی ہوئے۔

میشا شفیع کی جانب سے استدعا کی گئی ہےکہ سیشن جج لاہور دعوے کو دوسرے جج کے پاس ٹرانسفر کرنے کا حکم دیں۔

علی ظفر کی وکیل بیرسٹر عنبرین قریشی کا کہنا ہے کہ آج ان کے خواتین سمیت 8 گواہان کو آٹھویں مرتبہ عدالت سے واپس لوٹنا پڑا کیونکہ دوسری پارٹی نے اب معزز جج کو تبدیل کرنے کی درخواست دائر کر دی ہے۔

علی ظفر نے خود بھی اس حوالے سے سوشل میڈیا پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ‘میشا شفیع  برائے مہربانی عدالت کا سامنا کریں اور ہرجانہ ادا کریں۔ بھاگنے اور گیم آف تھرونز کے سپائلرز سے بچنے کے لیے ٹوئٹر اکاؤنٹ بند کرنے سے کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔’

واضح رہے کہ میشا شفیع کی جانب سے جنسی ہراساں کیے جانے کے الزام کے بعد علی ظفر نے گلوکارہ پر ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا ہے جس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج  شکیل احمد گزشتہ 6 ماہ سے کررہے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں