جنوبی افریقی نژاد ہولی وڈ امریکی اداکارہ 44 سالہ شارلیز تھیرن نے کہا ہے کہ ان کے آگے نہ تو شادی کی کوئی اہمیت ہے اور نہ ہی ان کا شادی کرنے کا ارادہ ہے۔
ماضی میں متعدد مرد حضرات کے ساتھ رومانوی تعلقات کی وجہ سے خبروں میں رہنے والی اور 2 بچوں کو گود لینے والی اداکارہ نے ایک ریڈیو شو میں بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں جس پیار کی ضرورت ہے وہ انہیں گود لیے بچے دے رہے ہیں۔
انٹرویو کے دوران اداکارہ نے ماضی میں اپنے تعلقات اور اداکار سین پین سے منگنی کیے جانے کی خبروں پر بھی وضاحٹ کی۔
شارلیر تھیرن نے دعویٰ کیا کہ 2014 میں ان کی اور سین پین کی منگنی کی خبروں میں کوئی سچائی نہیں تھی، وہ جھوٹی تھیں، انہوں نے کبھی منگنی کی ہی نہیں اور نہ ہی انہیں ایسا کرنے کی کوئی ضرورت ہے۔
اداکارہ نے سین پین سے تعلقات کا اعتراف کیا اور کہا کہ جب انہیں تعلقات کی ضرورت ہوئی تو انہوں نے مرد اداکار سے تعلقات استوار کرلیے جو چند سال تک جاری رہے اور پھر اپنے اختتام کو پہنچے۔
اداکارہ نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ لازمی نہیں ہے کہ ہر عورت کو زندگی میں پیار چاہیے اور اگر پیار لازمی ہی ہے تو اس کا مطلب شادی نہیں ہے۔
شارلیز تھیرن کے مطابق ان کے آگے شادی کی کوئی اہمیت نہیں ہے اور نہ ہی انہیں اپنے گھر کا کوئی کمرہ شادی شدہ خاتون کی طرح مختص کرنے کا شوق ہے۔
اداکارہ نے واضح کیا کہ ان کا کبھی بھی شادی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
یہ پہلا موقع ہے کہ شارلین تھیرن نے شادی سے متعلق اپنے خیالات کا کھل کر اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پرانی روایات کو برقرار رکھنے کے حق میں نہیں ہیں۔
شارلیز تھیرن کے ماضی میں اداکار سین پین کے علاوہ بھی دیگر 2 مرد حضرات سے تعلقات رہے ہیں،تاہم انہوں نے کبھی بھی منگنی اور شادی کی باتیں نہیں کی تھیں۔
شارلیز تھیرن کی پیدائش جنوبی افریقہ میں نچلے طبقے کے گھر میں ہوئی تھیں اور ابتدائی طور پر انہوں نے بطور ڈانسر کیریئر کا آغاز کیا اور بعد ازاں انہوں نے ماڈلنگ کا آغاز کیا۔
شارلیز تھیرن 1995 کے بعد امریکا منتقل ہوگئیں اور وہ والدہ کے ساتھ نیویارک میں رہنے لگیں اور بعد ازاں وہ تنہا لاس اینجلس فلمی کیریئر بنانے کے لیے منتقل ہوئیں۔
اداکارہ نے فلمی کیریئر کا آغاز 1995 میں کیا، تاہم وہ فلم سازوں کی توجہ کا مرکز 1997 کی فلم (دی ڈیولز ایڈوکیٹ) کی شہرت کے بعد بنیں۔
شارلیز تھیرن نے اب تک 5 درجن سے زائد فلموں میں اداکاری کرنے سمیت متعدد ڈراموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں اور انہوں نے متعدد فلمی ایوارڈز بھی جیت رکھے ہیں۔
اگرچہ انہوں نے شادی کو غیر اہم قرار دیا ہے، تاہم انہوں نے 2 بچوں کو گود لے رکھا ہے، جن کی عمریں 7 اور 8 سال تک ہیں۔