میرے اور ماہرہ خان کے درمیان کوئی مفاہمت نہیں ہوئی، خلیل الرحمٰن قمر

میرے اور ماہرہ خان کے درمیان کوئی مفاہمت نہیں ہوئی، خلیل الرحمٰن قمر


پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر نے ایک بار پھر سے ماہرہ خان کے بارے میں سخت ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔

ماہرہ خان نے ایک لائیو شو کے دوران خلیل الرحمٰن قمر اور ماروی سرمد کے درمیان گرما گرمی کے بعد سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر سرِعام ڈرامہ نگار کے روّیے پر تنقید کی تھی۔

اس وقت سے ابھی تک خلیل الرحمٰن قمر اور ماہرہ خان کے درمیان معاملات خراب ہیں۔

حال ہی میں خلیل الرحمٰن قمر نے ایک نجی ٹی وی کے شو میں بطور مہمان  شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنے اور ماہرہ خان کے درمیان مفاہمت ہوجانے کی خبر کے بارے میں بات کی۔

اُنہوں نے واضح کیا کہ میرے اور ماہرہ خان کے درمیان کوئی مفاہمت نہیں ہوئی۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ انڈسٹری کے افراد نے ماہرہ خان کے ساتھ میرے معاملات حل کروانے کی کوشش کی تھی لیکن میں نے سختی سے انکار کردیا۔

خلیل الرحمٰن قمر نے ماہرہ خان کے بارے میں مثبت انداز میں بات کرتے ہوئے  تسلیم کیا کہ میں نے ماضی کی باتوں کو اب چھوڑ دیا ہے لیکن میں مستقبل میں اداکارہ کے ساتھ دوبارہ کبھی کام نہیں کر سکتا۔


اپنا تبصرہ لکھیں