میری شادی نہیں ہو رہی، ریشم


ایوارڈ یافتہ معروف اداکارہ ریشم کے حوالے سے چند دن پہلے یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ انہوں نے جیون ساتھی ڈھونڈ لیا اور وہ جلد ہی شادی کے رشتے میں بندھ جائیں گی۔

خبریں تھیں کہ لیجنڈ اداکارہ نئے سال کے اختتام سے قبل ہی شادی کرلیں گی، تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا تھا کہ وہ کس سے شادی کرنے جا رہی ہیں۔

شوبز ویب سائٹ نے اپنی خبر میں دعویٰ کیا تھا کہ ریشم نے ان سے بات چیت کے دوران اس بات کی تصدیق کی کہ وہ 2020 میں شادی کرلیں گی۔

تاہم اب خبر سامنے آئی ہے کہ ریشم آئندہ سال بھی شادی کا ارادہ نہیں رکھتیں اور انہوں نے اپنی شادی کی خبر کو جھوٹا اور اپنے خلاف پروپیگنڈا قرار دے دیا۔

اداکارہ نے خبروں کو جھوٹا قرار دے دیا—فوٹو: فیس بک
اداکارہ نے خبروں کو جھوٹا قرار دے دیا—فوٹو: فیس بک

’ایکسپریس ٹربیون‘ کے مطابق شادی کی خبریں سامنے آنے کے بعد 51 سالہ ریشم نے خبروں کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی شادی کی افواہیں پھیلا کر ان کے خلاف پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔

ریشم کا کہنا تھا کہ بعض عناصر ایک پروپیگنڈا کے تحت ان کے خلاف میڈیا میں خبریں پھیلاکر ان کی شہرت اور عزت کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں اور ان کی شادی کی جھوٹی خبر بھی اسی پروپیگنڈا کا حصہ ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے بہت محنت سے انڈسٹری میں مقام بنایا ہے اور وہ ابھی تک انڈسٹری میں محنت کر رہی ہیں اور ان کا پورا کیریئر ان کے مداحوں کے سامنے ہیں اور وہ جانتے ہیں کہ میں اس طرح کے افواہی بیانات نہیں دیتی۔

پروپیگنڈا کے تحت جھوٹی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں، اداکارہ—فوٹو: فیس بک
پروپیگنڈا کے تحت جھوٹی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں، اداکارہ—فوٹو: فیس بک

انہوں نے واضح کیا کہ انہوں نے شادی کا اعلان نہیں کیا اور نہ ہی وہ آئندہ سال شادی کرنے جا رہی ہیں یہ صرف افواہیں ہیں۔

شادی سے متعلق جھوٹی خبر پر مزید بات کرتے ہوئے ریشم کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے خلاف پروپیگنڈا کرنے والے عناصر کا علم نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اداکارہ ریشم کا شادی کا اعلان

ریشم نے حیرانگی کا اظہار کیا کہ ان کے حوالے سے کس طرح یہ چہ مگوئیاں بنتی ہیں اور کس طرح ان کے حوالے سے افواہیں پھیلائی جاتی ہیں۔

خبریں تھیں کہ اداکارہ کاروباری شخص سے شادی کریں گی—فوٹو: انسٹاگرام
خبریں تھیں کہ اداکارہ کاروباری شخص سے شادی کریں گی—فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ کے مطابق انہوں نے اپنی شادی کے حوالے سے نہ تو کسی کو ذاتی طور پر کچھ کہا ہے اور نہ ہی انہوں نے کسی عوامی پلیٹ فارم پر اپنی شادی کے حوالے سے کوئی بات کہی ہے۔

اداکارہ نے ماضی کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ ماضی میں بھی میڈیا میں ان کی شادی اور عمر سے متعلق غلط خبریں اور افواہیں شائع ہوتی رہیں اور یہاں تک کے ان کے تعلقات کے حوالے سے بھی جھوٹی خبریں شائع کی جاتی رہی ہیں۔

ریشم کے مطابق کچھ ہفتے قبل بھی ان کا نام ایک مقامی گلوکار سے جوڑ کر خبریں پھیلائی گئیں تاہم وہ کبھی بھی میڈیا میں چلنے والی جھوٹی خبروں پر دھیان نہیں دیتیں۔

ماضی میں بھی اداکاری کی شادی کی جھوٹی خبریں آتی رہی ہیں—فوٹو: فیس بک
ماضی میں بھی اداکاری کی شادی کی جھوٹی خبریں آتی رہی ہیں—فوٹو: فیس بک

خیال رہے کہ ماضی میں بھی ریشم کی شادی اور تعلقات کے حوالے سے خبریں شائع ہوتی رہیں ہیں۔

سال 2019 سے قبل بھی ان کی شادی کے حوالے سے خبریں سامنے آئی تھیں جن میں اداکارہ کے نام سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ ریشم 2019 کے اختتام سے قبل ہی شادی کرلیں گی۔

گزشتہ سال سے قبل بھی ریشم کی شادی کی خبریں سامنے آتی رہیں اور2013 میں ان کے حوالے سے خبریں سامنے آئیں کہ ان کے پاکستانی نژاد فرانسیسی فیشن ڈیزائنر کے ساتھ تعلقات ہیں اور وہ ان سے جلد شادی کرلیں گی مگر اس حوالے سے کوئی تصدیق نہیں ہو سکی تھی۔

اداکارہ کے مطابق ان کی عمر کے حوالے سے بھی غلط خبریں دی جاتی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ کے مطابق ان کی عمر کے حوالے سے بھی غلط خبریں دی جاتی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

ریشم نے 1995 میں فلمی کیریئر کا آغاز فلم ’جیوا‘ سے کیا تھا اور ان کی پہلی ہی فلم نے اچھی کامیابی حاصل کی تھی۔

ریشم کی دیگر مشہور فلموں میں ’چور مچائے شور، گھونگھٹ، سنگم، دوپٹا جل رہا ہے، انتہا، پل دو پل، طوفان، پہلا پہلا پیار اور تڑپ‘ شامل ہیں۔

ریشم نے فلموں کے علاوہ ٹی وی ڈراموں اور سیریلز میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے، ساتھ ہی وہ ماڈلنگ بھی کرتی دکھائی دیں۔ شاندار پرفارمنس پر انہوں نے متعدد ایوارڈز بھی جیت رکھے ہیں۔

ادکاارہ گزشتہ کچھ عرصے سے ماڈلنگ کرتی دکھائی دیتی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
ادکاارہ گزشتہ کچھ عرصے سے ماڈلنگ کرتی دکھائی دیتی ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

اپنا تبصرہ لکھیں