میگھن مارکل کے والد تھامس کا کہنا ہے کہ انہیں ان کی بیٹی بہت یاد آتی ہے لیکن وہ انہیں بھلا چکی ہے۔
شاہی خاندان کے پوتے ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن نے کچھ عرصے قبل شاہی خاندان سے سینئر افراد کی حیثیت سے دستبرداری اختیار کرلی اور مالی طور پر خودمختار زندگی گزارنے کا اعلان کیا تھا۔
شاہی خاندان سے علیحدگی کے حوالے سے ہیری کا کہنا ہے کہ انہیں بہت دکھ ہے کہ انہیں اس طرح ملکہ اور شاہی خاندان کی ذمہ داریوں سے مکمل طور پر دستبردار ہونے پر مجبور کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ میگھن اور ان کے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں تھا کیونکہ وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ معاشی اعتبار سے خودمختار زندگی گزارنا چاہتے ہیں۔
معاہدے کے مطابق شاہی جوڑا ڈیوک اینڈ ڈچز آف سسیکس کا ٹائٹل استعمال کرسکتے ہیں۔
شاہی خاندان کے علیحدگی کے فیصلے پر میگھن مارکل کے والد نے برطانوی نجی مارننگ شو میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’میرا خیال ہے کہ میگھن اور شہزادہ ہیری نے ملکہ کو دکھ پہنچایا اور باقی شاہی خاندان کو بھی تکلیف دی ہے‘۔
انہوں نے کہاکہ انہیں میگھن اور ان کے شوہر کے اس عمل پر شرمندگی ہے اور وہ ملکہ سے ہمدردی رکھتے ہیں۔
میگھن مارکل کے والد نے مزید کہا کہ ’شاہی خاندان سے علیحدگی کا فیصلہ کافی حیران کن ہے، مجھے نہیں معلوم کہ کوئی بھی جانتا ہوگا کہ ایسا کیوں اور کیسے ہوا، اس فیصلے کی کوئی تُک نہیں ہے۔ ‘
خیال رہے کہ میگھن مارگل کے والد تھامس مارکل میکسکو میں رہتے ہیں اور متعدد ٹی وی چینلز کو انٹرویو دیتے ہوئے اپنی بیٹی پر کافی تنقید کرتے ہوئے بھی نظر آتے ہیں اور ساتھ ہی وہ کہتے ہیں کہ اپنی بیٹی سے صرف اسی طرح ٹی وی شوز کے ذریعے ہی رابطے میں ہیں۔
میگھن مارکل نے اب تک اپنے اور والد کے درمیان خلش سے متعلق کہیں کوئی بات نہیں کی ہے لیکن میگھن کے کچھ دوستوں نے گزشتہ برس ’پیپل میگزین‘ کو بتایا کہ مارکل اپنی بیٹی سے ملنے کی کوشش نہیں کرتے اور میگھن پر والد کے رویے کا بہت بُرا اثر پڑا ہے۔
میگھن کے والد نے ان کی شادی کی تقریب میں بھی اپنی خراب صحت کے باعث شرکت نہیں کی تھی اور تب سے ہی دونوں کے درمیان کشیدگی ہے۔
ادھر میگھن نے برطانوی اخبار ’دی میل آن سنڈے‘ پر مقدمہ کیا ہے جنہوں نے ان کا پرائیوٹ خط جو انہوں نے اپنے والد کے نام لکھا تھا اس کو شائع کردیا تھا۔
ان کے مطابق یہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، اس وجہ سے مقدمہ کریں گی اور اس کاغذ کو قانونی لڑائی میں استعمال کیا جائے گا۔
اسی ضمن میں ان کے والد کا کہنا ہے کہ انہوں نے اخبار سے خط کو شائع کرنے کا کہا تھا، اگر انہیں اپنی بیٹی سے عدالت میں بھی ملنا پڑے تو وہ خوش ہیں کیونکہ اس بہانے وہ انہیں دیکھ تو لیں گے، میں اپنی بیٹی سے لڑنا نہیں چاہتا۔
میگھن مارکل کے والد نے کہا کہ وہ عدالت میں اپنی بیٹی کا سامنا کرنے لے لیے ذہنی طور پر تیار ہیں۔
تھامس مارکل کا کہنا تھا کہ مجھے اپنی بیٹی بہت یاد آتی ہے لیکن وہ مجھے بھلا چکی ہے، میں اب تک اپنے داماد ہیری اور اپنے نواسے آرچی سے نہیں ملا، اپنی بیٹی سے بہت پیار کرتا ہوں اور اپنے نواسے سے بھی کرونگا اورمجھے یقین ہے کہ اگر ہیری سے ملوں گا تو وہ بھی مجھے پسند آئے گا۔