پاکستان کی نامور جوڑی شہروز سبزواری اور سائرہ شہروز کے درمیان علیحدگی کی خبریں گزشتہ کئی روز سے میڈیا میں سامنے آرہی ہیں۔
جبکہ کئی جگہ دونوں کے درمیان علیحدگی کا ذمہ دار ماڈل صدف کنول کو بھی ٹھہرایا گیا۔
اس حوالے سے سائرہ شہروز تو اب تک بالکل خاموش رہیں البتہ شہروز سبزواری نے میڈیا میں بیانات جاری کرکے اس معاملے کی وضاحت کی۔
گزشتہ روز ڈان سے بات کرتے ہوئے شہروز سبزواری نے واضح کیا تھا کہ ان کے اور سائرہ کے درمیان طلاق نہیں ہوئی جبکہ کچھ معمولی جھگڑوں کے باعث انہوں نے صرف علیحدگی اختیار کی ہوئی ہے۔
اداکار کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کے اور سائرہ کے اس تعلق میں صدف کنول کا کوئی عمل دخل نہیں۔
مزید پڑھیں: شہروز سبزواری کی سائرہ سے علیحدگی کی تصدیق
اور اب اداکار نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایک ویڈیو پیغام بھی جاری کردیا جس میں انہوں نے اس معاملے پر کھل کر بات کی جبکہ ان کی ذاتی زندگی کے حوالے سے غلط افواہیں پھیلانے والوں کو سخت تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔
شہروز سبزواری کا کہنا تھا کہ ‘یہ ویڈیو بنا کر سب کے ساتھ شیئر کرنے کا واحد مقصد یہ ہے کہ میں کافی اداس ہوں، جو میں نے کبھی نہیں سوچا تھا وہ ہورہا ہے، میری اور میرے خاندان کی عزت کو جس میں سائرہ بھی شامل ہے سڑک پر لایا جارہا ہے اور ایک ایسی لڑکی کو اس معاملے میں گھسیٹا جارہا ہے جس کی کوئی غلطی نہیں، ایک مسلمان ہونے کے ناطے یہ میرا فرض ہے کہ میں سچ بولوں کیوں کہ مجھے اللہ کو منہ دکھانا ہے’۔
اداکار کا مزید کہنا تھا کہ ‘میرے اور سائرہ کے درمیان جو کچھ ہے وہ ہمارا ذاتی مسئلہ ہے، سائرہ میری بیوی ہے، ہمارے درمیان علیحدگی ہوئی ہے طلاق نہیں، ہر جگہ یہ خبر شائع ہورہی ہے کہ اب ہم ساتھ نہیں، ہماری 7 سالہ شادی ختم ہوگئی؟’
اداکار نے ویڈیو میں سوال کیا کہ ایسی افواہیں پھیلانے والوں کو یہ خبریں کس نے دی؟
یہ بھی پڑھیں: ‘شہروز اور سائرہ کی طلاق نہیں ہوئی’
انہوں نے مزید کہا کہ ‘بار بار یہی کہا جارہا ہے کہ ہم دونوں کے درمیان علیحدگی صدف کی وجہ سے ہوئی، یہ کس نے کہا؟ میرے خاندان نے یا سائرہ کے خاندان نے؟ تو پھر کسی کی بیٹی بہن کو اتنے غلط طریقے سے بیچ میں کیوں لایا گیا’۔
اپنے اور سائرہ کے درمیان ہوئی علیحدگی پر اداکار نے بتایا کہ ‘آج سے 6 ماہ قبل میں نے اور سائرہ نے یہ سمجھا کہ ہمارے نظریات مل نہیں رہے اور گھر کا ماحول خراب ہورہا ہے تو بہتر ہے کہ دوری اختیار کرلی جائے اور ایک دوسرے کو وقت دیا جائے، جس کے بعد بڑے فیصلے کیے جائیں گے، جب وہ وقت آئے گا تب بھی آپ کو پتا لگ جائے گا’۔
شہروز کے مطابق ‘اس وقت سائرہ میری بیوی ہے، میری عزت ہے، میں نہیں چاہتا کوئی اس کے بارے میں کچھ بولے اور نہ ہی کوئی صدف کے بارے میں کچھ بولے، صدف نے میرے ساتھ کام کیا ہے، میں اس کو صرف ایک ماہ سے جانتا ہوں، جبکہ سائرہ اور میری علیحدگی کو 6 ماہ ہوچکے ہیں، اس لیے جس نے صدف کا نام خراب کیا اور میرے گھر کے مسئلے میں اس کا نام شامل کیا وہ سامنے آکر معافی مانگے’۔
یاد رہے کہ سائرہ اور شہروز کی شادی 2012 میں ہوئی تھی، ان دونوں کے ہاں 2014 میں بیٹی کی پیدائش بھی ہوئی۔