میری اور سائرہ کی علیحدگی کی وجہ صدف نہیں تھی، شہروز سبزواری


شہروز سبزواری اور صدف کنول گزشتہ روز رشتہ ازدواج سے منسلک ہوگئے تھے، جس کا اعلان انہوں نے سوشل میڈیا پوسٹس میں کیا تھا، جس کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر لوگوں کی جانب سے اس حوالے سے کافی تنقیدی پیغامات بھی پوسٹ ہوئے تھے۔

اب شہروز سبزواری نے اس حوالے سے ایک انسٹاگرام ویڈیو پر اس تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ صدف کنول ان کی اور سائرہ یوسف کے درمیان ہونے والی علیحدگی کی وجہ نہیں تھیں۔

انہوں نے کہا ‘میں اور سائرہ اگست 2019 میں الگ ہوگئے تھے اور اس کی وجہ کوئی خاتون یا صدف نہیں تھی’۔

سوشل میڈیا پر ایسی افواہیں گردش کررہی تھیں کہ شہروز سبزواری اور ماڈل صدف کنول کے درمیان بڑھتی قربتوں کی وجہ سے اداکار سے اہلیہ نے علیحدگی اختیار کی تھی، جس کے بعد دونوں کے درمیان اختلاف مزید شدید ہوئے تو دونوں میں طلاق ہوگئی۔

شہروز سبزواری نے کا کہا کہ اس ویڈیو کا مقصد اپنا اور اپنے خاندان کا دفاع ہے ‘اس ویڈیو کو بنانے کے یچھے مقصد اپنا اور خاندان کا دفاع کرنا ہے اور مجھے اس کا حق حاصل ہے’۔

اداکار نے کہا کہ صدف کنول سے ان کی ملاقات سائرہ سے علیحدگی کے 3 یا 4 مہینوں کے بعد ہوئی تھی اور اس وقت بھی وہ بس ایک کولیگ تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سائرہ اور ان کے درمیان طلاق کی وجہ بہت ذاتی معاملہ ہے ‘میں اس کو طلاق نہیں دینا چاہتا تھا مگر اس معاملے پر ہمارے اختلافات ختم نہیں ہوسکے’۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس ویڈیو کو بنانے کا ایک مقصد ان کی بیٹی بھی ہے تاکہ اگر مستقبل میں اس طرح کی افواہیں سن کر وہ ان سے جواب طلب کرے تو وہ بتاسکیں کہ اس کے جواب میں انہوں نے یہ ویڈیو بنائی تھی۔

مارچ 2020 میں سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری نے ایک ساتھ سوشل میڈیا پر اپنی طلاق کی تصدیق کی تھی۔

دونوں نے ایک جیسے ہی پیغام میں مداحوں کو بتایا تھا کہ اب وہ میاں اور بیوی نہیں رہے اور ان کے درمیان باقاعدہ طور پر طلاق ہوگئی۔

دونوں نے اپنی شادی ختم کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے میڈیا اور مداحوں سے گزارش کی کہ ان کی ذاتی زندگی کا خیال رکھا جائے اور ان کی طلاق پر افواہیں یا غلط معلومات پھیلانے سے گریز کیا جائے۔

دونوں نے طلاق کی خاص وجہ نہیں بتائی اور نہ ہی یہ بتایا تھا کہ ان کے درمیان کب طلاق ہوئی۔

تاہم دونوں نے اعتراف کیا کہ شادی کو ختم کرنا دونوں کے لیے مشکل فیصلہ اور مرحلہ تھا، تاہم وہ امید کرتے ہیں کہ اس فیصلے کے اثرات ان کی اکلوتی بیٹی پر نہیں پڑیں گے۔

دونوں نے نے 2012 میں شادی کی تھی اور دونوں کو 6 سالہ بیٹی نورے بھی ہے، ان کی جوڑی کا شمار شوبز انڈسٹری کی مقبول اور خوبصورت جوڑیوں میں ہوتا تھا۔

اور طلاق کی تصدیق کے 2 ماہ بعد شہروز سبزواری نے تصدیق کردی کہ انہوں نے ماڈل صدف کنول سے نکاح کرلیا۔

شہروز سبزواری اور صدف کنول نے مداحوں کو ایک ہونے کی خوشخبری سوشل میڈیا کے ذریعے دی اور دونوں اداکاروں نے انسٹاگرام پر اپنے نکاح کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو نئی زندگی کی شروعات سے متعلق آگاہ کیا۔

شہروز سے نکاح کے بعد صدف کنول نے جہاں ان کے ساتھ عروسی جوڑے میں لی گئی تصویر شیئر کی، وہیں انہوں نے انسٹاگرام پر اپنا یوزر نام بھی تبدیل کرتے ہوئے صدف سبزواری کردیا


اپنا تبصرہ لکھیں