میرا فرض بنتا ہے کہ میں اپنے سابق شوہر کیخلاف کسی کو غلط بات کرنے نہ دوں: بشریٰ انصاری

میرا فرض بنتا ہے کہ میں اپنے سابق شوہر کیخلاف کسی کو غلط بات کرنے نہ دوں: بشریٰ انصاری


پاکستانی معروف، لیجنڈری اداکارہ و کامیڈین بشریٰ انصاری نے کہا ہے کہ یہ میرا فرض بنتا ہے کہ میں اپنے سابق شوہر کے خلاف کسی کو کچھ برا کہنے کی اجازت نہ دوں۔

یوٹیوب کی دنیا میں حال ہی میں قدم رکھنے والی اداکارہ بشریٰ انصاری آج کل ’ڈیلی وی لاگنگ‘ میں مصروف ہیں جہاں وہ اپنے گھر کے معاملات اور دل کی باتیں شیئر کرتی نظر آتی ہیں۔

حال ہی میں اداکارہ نے اپنی بیٹیوں کے ہمراہ نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کی ہے۔

اس دوران اُنہوں نے متعدد دلچسپ موضوعات پر ناصرف بات کی بلکہ اپنے تجربات اور رائے کا بھی اظہار کیا۔

اداکارہ کا اپنے سابق شوہر، اقبال انصاری سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میں نے کبھی اپنے سابق شوہر کے خلاف کوئی بات نہیں کی، اور اگر کوئی میرے سابق شوہر کے خلاف بات کرے کہ بڑا ظالم تھا، خراب تھا تو میرا فرض بنتا ہے کہ میں لوگوں کو روکوں اور منع کروں، میں کسی کو اپنے سابق شوہر کے خلاف بولنے کی اجازت نہ دوں۔

انہوں نے کہا کہ میرے سابق شوہر میرے بچوں کے والد بھی ہیں اور یہ بات میں اکثر کہتی ہوں کہ بطور والد وہ بہت اچھے انسان ہیں، بیٹیوں کے معاملے میں وہ بہت اچھے ہیں، دنیا ایک طرف اور وہ بیٹیوں کے معاملے میں ایک طرف ہوتے ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ یہ میرا فرض بنتا ہے کہ میں اپنے سابق شوہر کے خلاف بولنے والوں سے کہوں کہ میرے سابق شوہر کے ساتھ جو میرے معاملات تھے وہ صرف میرا مسئلہ ہے، آپ کچھ نہ بولیں۔

بشریٰ انصاری نے کہا ہے کہ میری یہ عادت نہیں ہے کہ میں مظلوم بنوں کہ میری زندگی بہت مشکل تھی، میں نے بہت صبر کیا اور مشکل وقت گزارا، میں شکایت نہیں کرتی، میں کیوں اپنے سابق شوہر کو دنیا کے سامنے برا بناؤں۔


اپنا تبصرہ لکھیں