پاکستانی اداکارہ میرا سیٹھی نے فلسطین کے حق میں آواز بلند کرنے پر امریکی اداکارہ جینا اورٹیگا کا شکریہ ادا کر دیا۔
خیال رہے کہ مغربی ممالک سے تعلق رکھنے والی بااثر شخصیات بالخصوص امریکی سیاست دان اور ہالی ووڈ سے وابستہ ستارے اسرائیلی حامی اور فلسطین مخالف رویہ اختیار کئے ہوئے ہیں۔
ایسے میں وہ بااثر شخصیات جو مظلوم و معصوم فلسطینیوں کی حمایت میں آواز بلند کر رہے ہیں ہمت و جرأت کا مظاہرہ کر رہے ہیں جس کے نتیجے میں بیشتر افراد کو اپنے پروجیکٹس و معاہدوں سے بھی ہاتھ دھونا پڑ رہا ہے۔
تاہم اب فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر امریکی اداکارہ جینا اورٹیگا نے رفح میں ہونے والے وحشیانہ حملوں کے بعد جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے پوسٹ شیئر کردی۔
ان کی شیئر کردہ پوسٹ میں غزہ کے شہر رفح کا ایک منظر پیش کیا گیا ہے جس میں فلسطینی پُر سکون اپنے پیاروں کے ہمراہ موجود ہیں۔
اس پوسٹ کے کیپشن میں امریکی اداکارہ نے لکھا کہ ادِھر عوام اس بات پر بحث کر رہے ہیں کہ جنگ بندی ہونی چاہئے یا نہیں، اُدھر ہزاروں معصوم بچوں کو ذبح کیا جا رہا ہے، آخر انسانیت کہاں ہے؟
امریکی اداکارہ کی اس ہمت پر پاکستانی اداکارہ میرا سیٹھی نے ان کی پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا، جبکہ دیگر سوشل میڈیا صارفین بھی ان کے اس اقدام کی خوب تعریف کر رہے ہیں۔