گزشتہ ماہ نومبر کے وسط میں خاموشی سے اچانک شادی کرنے والی اداکارہ میرا سیٹھی نے تصدیق کی ہے کہ وہ رواں ماہ کے وسط سے آخر تک شیکسپیئر کے لکھے گئے ڈرامے کے اردو ورژن میں کام کرتی دکھائی دیں گی۔
اگرچہ میرا سیٹھی نے چند ہفتے قبل ہی اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے انکشاف کیا تھا کہ وہ شیکسپیئر کے لکھے گئے معروف ڈرامے ’کنگ لیئر‘ کے اردو ورژن پر کام کر رہی ہیں۔
تاہم انہوں نے اپنی پوسٹ کے ذریعے اس حوالے سے کوئی وضاحت نہیں کی تھی۔
میرا سیٹھی نے انسٹاگرام پر ’کنگ لیئر‘ کے اردو ورژن کی تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا تھا کہ اس حوالے سے مزید معلومات کے لیے مزید انتظار کیا جائے اور اب انہوں نے مداحوں کا انتظار ختم کردیا۔
اداکارہ نے اپنی ٹوئٹ کے ذریعے تصدیق کی کہ کنگ لیئر کے اردو ورژن میں وہ کراچی کے ’نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس‘ (ناپا) میں کام کرتی دکھائی دیں گی۔
انہوں نے ڈرامے کے ہدایت کار ضیاء محی الدین کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اگرچہ ہدایت کار انتہائی اچھے کام کا مطالبہ کرتے ہیں اور سخت محنت بھی کرواتے ہیں، تاہم ان کے ساتھ کام کرنا پوری زندگی کا تجربہ ہوتا ہے۔
اداکارہ نے ضیاء محی الدین کے ساتھ کام کرنے پر فخر کیا۔
خیال رہے کہ ’کنگ لیئر‘ کی اردو ترجمہ خالد احمد نے کیا ہے جب کہ اس میں میرا سیٹھی سمیت دیگر اداکار جلوے دکھاتے دکھائی دیں گے۔
’کنگ لیئر‘ کے اردو ورژن کو 19 سے 29 دسمبر تک ناپا میں پیش کیا جائے گا۔
شیکسپیئر کے اسی ڈرامے کو اگرچہ دنیا کے کئی ممالک میں انگریزی میں پیش کیا جا چکا ہے، تاہم اسے دنیا کی متعدد زبانوں میں ترجمہ بھی کیا جا چکا ہے۔
مذکورہ ڈرامے کا شمار شیکسپیئر کے سب سے مقبول ڈراموں میں بھی ہوتا ہے۔