پاکستان کی نامور اداکارہ مہوش حیات برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کے ایک شو میں بطور مہمان جلوہ گر ہوں گی جو کہ ہالی وڈ کی کامیاب ترین اداکارہ اینجلینا جولی کی پروڈکشن کا شو ہے جس کا نام ’بی بی سی مائے ورلڈ‘ ہے۔
اس حوالے سے اداکارہ مہوش حیات نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے بتایا کہ وہ ہالی وڈ کی اینجلینا جولی کے شو ’بی بی سی مائے ورلڈ‘ میں جلو گر ہوں گی جو کہ برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) پر نشر ہوگا۔
مہوش حیات نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ وہ اپنے اس انٹرویو کے لیے بے حد پُرجوش ہیں جو جلد بی بی سی پر نشر کیا جائے گا۔
اداکارہ کی جانب سے شیئر کی جانے والی ویڈیو میں ان کے انٹرویو کی مختصر جھلک ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ مرد اور خواتین اداکار کے برابر معاوضے اور عزت کے حوالے سے گفتگو کر رہی ہیں۔
علاوہ ازیں انٹرویو کی مختصر جھلک میں اداکارہ مہوش حیات کو سوشل میڈیا کے درست استعمال کے حوالے سے بھی گفتگو کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
مہوش حیات کو ہالی وڈ کی کامیاب ترین اداکارہ انجلینا جولی کے شو کا حصہ بننے پر ساتھی اداکار و اداکاراؤں سمیت ان کے چاہنے والوں کی جانب سے مبارکباد بھی دی جا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ بی بی سی کے پروگرام مائے ورلڈ کی ایگزیکیٹو پروڈیوسر اینجلینا جولی ہیں اور اس پروگرام کا بنیادی کا مقصد دنیا بھر کے نوجوانوں کو قابلِ اعتماد معلومات فراہم کرنا ہے۔