مہوش حیات کی پہلی ویب سیریز ’عنایہ‘ کا شاندار ٹریلر ریلیز


معروف اداکارہ مہوش حیات کی پہلی ویب سیریز ’عنایہ‘ کا ٹریلر ریلیز ہوگیا، جسے مداحوں کی جانب سے کافی پسند کیا جا رہا ہے۔

یہ ویب سیریز فلم ’کراچی سے لاہور‘ اور ’لاہور سے آگے‘ جیسی کامیاب فلمیں بنانے والے وجاہت رؤف نے بنائی ہے جس میں مہوش حیات اور اظفر رحمان نے مرکزی کردار نبھایا ہے۔

فلم میں معاون اداکار اسد صدیقی اور اداکارہ فریال بھی نظر آئیں گی۔

اس ویب سیریز کی کہانی ’عنایہ‘ نامی ایک لڑکی کے گرد گھومتی ہے، جسے گلوکاری کا شوق ہے اور جو مثبت سوچ کے ساتھ اپنے خوابوں کی تکمیل کے لیے پُر امید ہے اور زندگی کو خوب انجوائے کرتی ہے۔

ٹریلر دیکھ کر یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ یہ ایک کالج کے دوستوں کی کہانی ہے، جن کا ایک میوزک بینڈ ہے اور جب یہ بینڈ مشکل کا شکار ہوگا تو عنایہ (مہوش حیات) لیڈ سنگر کے طور پر اس کو سہارا دیں گی۔

ٹریلر دیکھ کر یہ معلوم ہوتا ہے کہ یہ ایک کالج کے دوستوں کی کہانی ہے—. فوٹو اسکرین گریب

ٹریلر میں ایک موقع پر ‘جمی’ کا کردار کرنے والے اظفر رحمان کہتے ہیں کہ ’ہمارے ڈوبتے ہوئے بینڈ کو زندگی تو اس (عنایہ) نے دی تھی‘۔

شائقین کو اس ویب سیریز میں دوستوں کے ہنسی مزاح کے ساتھ ساتھ مہوش حیات اور اظفر رحمان کی رومانوی کیمسٹری بھی نظر آئے گی۔

ویب سیریز ’عنایہ‘ میں  مہوش حیات اور اظفر رحمان کی کیمسٹری دیکھی جاسکے گی—. اسکرین گریب

خاص بات یہ ہے کہ ویب سیریز کا ٹائٹل گیٹ خود مہوش حیات نے گایا ہے، جس کے حوالے سے وجاہت رؤف نے انسٹاگرام پر کچھ ماہ قبل ہی بتادیا تھا۔

ویب سیریز کی اقساط رواں ماہ 21 جنوری سے ریلیز کی جائیں گی۔

گزشتہ برس مہوش حیات فلم ’لوڈ ویڈنگ‘ میں جلوہ گر ہوئی تھیں جو باکس آفس پر کامیاب رہی۔

اس فلم کو بھارتی جے پور انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں پہلی بار  بہترین فیچر فلم کے لیے نامزد کیا گیا ہے، جو رواں ماہ 22 جنوری کو ہوگا۔


اپنا تبصرہ لکھیں