اداکارہ مہوش حیات کی شکایت کے بعد کراچی ائیرپورٹ پر بیت الخلاء کی مرمت کے کام کا آغاز کردیا گیا۔
مہوش حیات نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کراچی ائیرپورٹ کے بیت الخلاء کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’آج میں کراچی ائیرپورٹ آئی تھی جہاں مرد اور خواتین کے بیت الخلاء میں مرمتی کام جاری تھا‘۔
مہوش حیات نے ٹوئٹ میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ بیرونِ ملک سے آنے والوں کے لیے ملک کا ائیرپورٹ ہی سب سے پہلا تاثُر دیتا ہے جسے اچھا ہی ہونا چاہیے۔
بعد ازاں اداکارہ نے حکام کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی درخواست پر فوری ایکشن لیتے ہوئے مرمت کے کام کا آغاز کیا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل اداکارہ مہوش حیات کراچی ائیرپورٹ کے بیت الخلاء میں گندگی اورلال بیگ دیکھ کر برہم ہوگئی تھیں۔
مہوش حیات نے ٹوئٹر پر بتایا تھا کہ بدقسمتی سے انہوں نے کراچی ائیرپورٹ پر خواتین کا واش روم استعمال کیا جہاں انتہائی بدبو اور گندگی تھی جب کہ وہاں لال بیگ بھی چل رہے تھے۔
بعد ازاں اداکارہ کی جانب سے کراچی ائیر پورٹ کی حالت پر اظہارِ برہمی کے بعد حکومت نے نوٹس لیا تھا۔
مہوش حیات کے ٹوئٹ پر وزارت اوورسیز اینڈ ہیومن ڈویلپمنٹ ریسورس نے جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’شکایت کا نوٹس لے لیا گیا اور جلد متعلقہ افراد کو نوٹسز جاری کردیے جائیں گے‘۔