مہوش حیات نے’بوم بوم‘ گاکر نازیہ حسن کے مداحوں کو مایوس کردیا

مہوش حیات نے’بوم بوم‘ گاکر نازیہ حسن کے مداحوں کو مایوس کردیا


پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ عالمی شہرت یافتہ اداکارہ مہوش حیات نے ایک بار پھر’کوئین آف پاپ‘ پاکستانی مرحوم گلوکارہ نازیہ حسن کا مقبول گانا ’بوم بوم‘ گاکر انہیں خراج عقیدت پیش کیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

خیال رہے کہ برصغیر میں پاپ میوزک کی بنیاد رکھنے والی گلوکارہ نازیہ حسن نے یہ گانا 1982 میں ریلیز کیا تھا جسے اداکارہ نے حال ہی میں دبئی میں منعقدہ ایک نجی تقریب میں گنگنایا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں مہوش حیات کو سیاہ لباس میں ملبوس اپنی سریلی آواز میں ’بوم بوم‘ گانا گنگناتے ہوئے سنا جاسکتا ہے۔ تاہم نازیہ حسن کے چاہنے والوں کو اداکارہ کا یہ انداز پسند نہیں آیا۔

اداکارہ کی مذکورہ ویڈیو جیسے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی صارفین نے ملے جلے خیالات کا اظہار کیا، تاہم بیشتر صارفین نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔

ایک صارف کے مطابق ’مہوش حیات باتھ روم سنگر ہیں‘، ایک اور صارف نے لکھا کہ ’نازیہ حسن کی روح رو رہی ہوگی‘ جبکہ ایک صارف کا کہنا ہے کہ ’ یہ گانے کی توہین ہے‘۔

خیال رہے کہ اس سے قبل 2017 میں بھی اداکارہ نے فینکس میں ہونے والے کانسرٹ میں نازیہ حسن کا گانا ’بوم بوم‘ گا کر انہیں خراج تحسین پیش کیا تھا، جس کی ویڈیو انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بھی شیئر کی تھی۔


اپنا تبصرہ لکھیں