ملک میں مہنگائی بڑھنے کا سلسلہ جاری ہے اور ایک ہفتے میں چینی مزید 2 روپے 52 پیسے فی کلو مہنگی ہوگئی۔
ادارہ شماریات نے مہنگائی کے حوالے سے ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق ایک ہفتے میں مہنگائی میں صفر اعشاریہ 21 فیصد اضافہ ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں چینی مزید 2 روپے 52 پیسے فی کلو مہنگی ہونے کے بعد اس کی اوسط قیمت بڑھ کر 87 روپے 84 پیسے فی کلو ہوگئی۔
چار ہفتوں میں چینی کی قیمت میں 7 روپے 26 پیسے فی کلو کا اضافہ ہوا۔
آٹے کا 20 کلو تھیلا 34 روپے، آلو اور گڑ 2، 2 روپے فی کلو مہنگے ہوئے جبکہ پیاز، تازہ دودھ، دہی، چھوٹا گوشت اور چاول کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں 11 اشیا کی قیمتوں میں کمی بھی ہوئی۔
چکن برائلر مرغی 20 روپے، لہسن 2 روپے فی کلو جبکہ کیلے 4 روپے فی درجن سستے ہوئے۔
اسی عرصے کے دوران ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 7 روپے سستا ہوا جبکہ ٹماٹر، دالیں اور انڈوں کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی۔
گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 23 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد سے اشیا کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان دیکھا جارہا ہے، بالخصوص چینی اور آٹے کی قیمتیں کنٹرول کرنے میں حکومت بےبس نظر آرہی ہے۔