مہمان نوازی نے نمیبیئن پلیئرزکے دل جیت لیے

مہمان نوازی نے نمیبیئن پلیئرزکے دل جیت لیے


پاکستانی مہمان نوازی نے نمیبیئن کرکٹرز کے دل جیت لیے،چاروں قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر میں عالمی معیار کی سہولیات کے معترف ہو گئے،ان کے مطابق وہ دورہ ممکن بنانے پر ڈیوڈ ویزا کے شکر گزار ہیں۔

پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pk کو خصوصی انٹرویو میں نمیبیئن کرکٹر نکول لوفٹی ایٹن نے کہا کہ پاکستان میں بہت اچھا وقت گزر رہا ہے، یہاں کے لوگ بہت مہمان نواز ہیں،لاہور قلندرز کے ہائی پرفارمنس سینٹر میں عالمی معیار کی سہولیات موجود ہیں،اپنے ملک میں ہمیں ٹریننگ کیلیے اس طرح کے وسائل میسر نہیں ہیں۔

ماریشس ناگوپیتا نے کہا کہ نمیبیا کی بانسبت لاہور میں حبس زیادہ مگر ہم اب اس کے عادی ہوچکے ہیں،پاکستانی کھانے بڑے چٹپٹے ہیں،ان کا بھرپور مزا اٹھارہے ہیں،شہر کے مختلف مقامات کی سیر کا موقع ملا،اس دوران کھانوں سے بھی لطف اندوز ہوئے۔

شان فوشی نے کہا کہ ڈیوڈ ویزا نے لاہور قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر میں ٹریننگ ممکن بنانے میں اہم کردار ادا کیا، آل راؤنڈر دنیا کے مختلف ملکوں اور پی ایس ایل میں حصہ لے چکے، ان کی رہنمائی ہمیشہ ہی مفید ثابت ہوتی ہے،انھوں نے کہا کہ لاہور میں ورلڈ کپ کوالیفائرز کی تیاری کا اچھا موقع ملا،یکم ستمبر سے شروع ہونے والی نمیبیا لیگ میں بھی کافی ٹی ٹوئنٹی میزچ کھیلنے کو ملیں گے۔

ہیلاؤ یافرانس نے کہا کہ پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ اور پی ایس ایل میں شرکت کا موقع ملا تو یہ ہمارے کیریئر کیلیے خوش آئند ہوگا،یہاں کرکٹ کا معیار بہت بلند ہے،ہمیں سیکھنے کا موقع ملے گا۔

لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹیو عاطف رانا نے کہا کہ غیر ملکوں کو ہمارے ہائی پرفارمنس سینٹر میں موجود سہولیات کا اندازہ ہورہا ہے،اسی لیے ٹریننگ کیلیے اپنے کرکٹرز کو بھجوارہے ہیں،یہ نہ صرف ہمارے بلکہ پاکستان کیلیے بھی بڑے اعزاز کی بات ہے،انھوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے ملک میں ٹیلنٹ کی تلاش کا سفر تھوڑا متاثر ہوا تھا مگراب زیادہ سرگرمیاں نظر آئیں گی۔

ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز قلندرز عاقب جاوید نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کا معیار دیکھ کر نمیبیا کے کرکٹرز بھی حیران ہیں،ان کے پاس تو 140کی رفتار والے1،2 بولرز ہی ہوتے ہیں، ہمارے تو سینٹر میں ہی 8،10 موجود ہیں،اسپنرز بھی بہترین ہیں،اچھی کرکٹ سیکھنے کیلیے اچھے بولرز اور بیٹرز کے ساتھ کھیلنا ضروری ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں