سمندر کے اندر مچھلی کے اچانک وار کرنے کے حوالے سے تو سب نے سنا ہی ہو گا لیکن آج ہم آپ کو سمندر سے اچانک باہر آنے والی مچھلی کے خطرناک وار کا شکار ہونے والے لڑکے کے بارے میں بتائیں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک خطرناک مچھلی نے ادول نامی نوجوان کی گردن پر اس قدر طاقت سے وار کیا کہ وہ کشتی سے پانی میں جا گرا لیکن خوش قسمتی سے 16 سالہ لڑکے کو زندہ بچا لیا گیا۔
بچے نے اس خوفناک حادثے کے 5 دن بعد غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ وہ رات میں اپنے گھر والوں کے ہمراہ فشنگ ٹرپ پر گئے تھے۔
مچھلی کے حملے کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دو گھنٹے کی سرجری کے بعد 3 سرجنز نے ان کی گردن سے مچھلی کا نوکیلا منہ نکالا۔
اسپتال کے ڈائریکٹر جنرل کاکہنا ہے بچے کی حالت مستحکم ہے لیکن اسے ابھی بھی بخار ہے اور ہم اس کا بخار ختم ہونے کا انتظار کر رہے ہیں۔
محمد اِدُول کی تصاویر دنیا بھر میں وائرل ہوئیں جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک مچھلی کا سوئی نما منہ اس کے گردن سے آر پار ہوگیا ہے۔